مڈغاسکر میں ایک وزیر سمندر میں اپنے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے بعد 12 گھنٹوں تک تیر کر قریبی ساحل تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
ملک کے سیکرٹری برائے پولیس سرگے گیلے کے ساتھ ایک اور پولیس اہلکار بھی پیر کو پیش آنے والے اس حادثے میں محفوظ رہا۔
پولیس اور بندرگاہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد دو دیگر مسافروں کی تلاش بھی جاری تھی۔ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے فی الحال کچھ واضح نہیں ہے۔
Le GDI Serge GELLE, un des passagers de l'hélicoptère accidenté hier a été retrouvé sain et sauf ce matin du côté de Mahambo.
— Ministère de la Défense Nationale Madagascar (@MDN_Madagascar) December 21, 2021
Les sapeurs sauveteurs de la #4°UPC ont également retrouvé le carcasse de l'hélicoptère au fond de la mer. pic.twitter.com/sP2abwTMwB
پورٹ اتھارٹی کے سربراہ جین ایڈمنڈ رینڈریانان ٹینائنا نے بتایا کہ ’خود کو طیارے سے نکالنے کے بعد سرگے گیلے اور ایک ساتھی پولیس اہلکار منگل کی صبح سمندر کے کنارے واقع شہر مہامبو کے ساحل پر پہنچے۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں 57 سالہ گیلے اپنی وردی میں کرسی پر تھکے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’ابھی میرا مرنے کا وقت نہیں آیا۔‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہیں ٹھنڈ لگ رہی ہے لیکن وہ زخمی نہیں ہیں۔
وہ اور دیگر ساتھی پیر کی صبح شمال مشرقی ساحل پر ایک جہاز کے تباہ ہونے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر پر جا رہے تھے۔
پولیس سربراہ زفی سمبترا راووی نے منگل کو بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
راووی نے اس سے قبل اے ایف پی کو بتایا تھا کہ جنرل گیلے نے تیرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی ایک سیٹ کا استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے دوران ان کی صلاحیت ہمیشہ زبردست رہی ہے اور انہوں نے وزیر ہوتے ہوئے بھی اپنے آپ کو30 سالہ نوجوان کی طرح رکھا ہے۔’ان کے اعصاب فولادی ہیں۔‘
جنرل گیلے تین دہائیوں تک پولیس میں خدمات انجام دینے کے بعد اگست میں کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں وزیر بنے تھے۔