بھارتی قید میں موجود سندھ کے ضلع جام شورو کے ماہی گیر محمد یاسین ملاح کی والدہ اپنے بیٹے کی رہائی کی منتظر ہیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بیٹے کی رہائی میں مدد کی اپیل کی ہے۔
جنت بی بی کے مطابق ان کا 40 سالہ بیٹا محمد یاسین ولد محمد عرس ملاح کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں مچھلی کا شکار کرتا تھا۔ تقریباً نو مہینے پہلے ان کا بیٹا یامین عرف شیرو کی کشتی میں سمندر میں شکار کرنے گیا جہاں سے بھارتی حکام نے ان کو گرفتار کرلیا۔
جنت بی بی کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بھارت کی گجرات جیل میں قید ہے، جس کا انہیں انٹرنیٹ کے ذریعے پتہ چلا۔ تاہم انہیں نہیں معلوم کہ یاسین کس حال میں ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جنت بی بی کے مطابق ان کے بیٹے پر ہیروئن سمگلنگ کا الزام ہے, تاہم یاسین نہ کوئی مجرم ہے نہ کوئی چور یا ایجنٹ۔ وہ سمندر میں اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے مچھلیاں پکڑنے گیا تھا۔
جنت بی بی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی رہائی کو جلد ممکن بنایا جائے۔
جنت بی بی کے مطابق وہ بیوہ ہیں اور مزدوری کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پال رہی ہیں۔ ان کے بیٹے یاسین کی گرفتاری کے باعث ان کے گھر میں فاقے پڑ رہے ہیں۔