’انتاکشری کھیل رہے تھے کہ اچانک سانس اکھڑ گئی‘ برجو مہاراج چل بسے

بھارت کے نامور کتھک استاد برجو مہاراج اتوار (16 جنوری) کو دہلی میں واقع اپنے گھر میں پوتوں کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی موت واقع ہو چکی ہے۔

برجو مہاراج کتھک ڈانس سے عقیدت رکھنے والے خاندان میں پیدا ہوئے (تصویر: ٹوئٹر/ ڈاکٹر شمع محمد)

بھارت کے کلاسیکی رقاص پنڈت برجو مہاراج دل کا دورہ پڑنے سے 83 سال کی عمر میں چل بسے۔

اطلاعات کے مطابق نامور کتھک ڈانسر اتوار (16 جنوری) کو دہلی میں واقع اپنے گھر میں پوتوں کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی موت واقع ہو چکی ہے۔

برجومہاراج کی پوتی راگنی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’انہوں نے رات کا کھانا کھایا اور ہم انتاکشری (کھیل جس میں گانے گائے جاتے ہیں) کھیل رہے تھے کیونکہ انہیں پرانی موسیقی بہت پسند تھی۔ وہ لیٹے ہوئے تھے کہ اچانک ان کی سانس اکھڑ گئی۔ ہم سمجھ گئے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے کیونکہ وہ دل کے مریض تھے۔‘

راگنی کا مزید کہنا تھا کہ ’جس وقت یہ ہوا ان کے دو شاگرد اور دو پوتیاں، میری چھوٹی بہن اور میں ان کے پاس تھے۔ وہ اپنے آخری لمحات میں ہنس رہے تھے۔‘ 

برجو مہاراج گردوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھے اور ان کا ڈائیلاسس (مشین کے ذریعے خون کی صفائی) کیا جاتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی کلاسیکل ڈانسر کتھک ڈانس سے عقیدت رکھنے والوں اور ڈانسرز کے خاندان میں 1938 میں پیدا ہوئے۔ کتھک شمالی بھارت کے کلاسیکی رقص کی ایک قسم ہے۔

برجومہاراج کے چچا، لچھومہاراج اور شمبھو مہاراج بھی کتھک ڈانس کرتے تھے اس دور کی کئی بالی ووڈ فلموں کا حصہ تھے۔ خود برجومہاراج نے بھارتی سنیما کے لیے بہت کام کیا اور وہاں سے کتھک ڈانس دنیا میں متعارف کروایا۔

انہوں نے ’ڈیڑھ عشقیہ‘ اور ’دیوداس‘ جیسی کامیاب بالی وڈ فلموں میں بعض بے حد مشہور ڈانسز کی کوریوگرافی کی۔

بھارتی اداکارہ دیپیکاپڈوکون نے ایوارڈ یافتہ فلم باجی راؤ مستانی میں اپنے گانے’موہے رنگ دو لال‘ کے لیے برجومہاراج سے کتھک ڈانس کی تربیت حاصل کی۔ اس گانے کی بہترین کوریوگرافی کے لیے برجومہاراج نے فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔  بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سمیت بہت سے لوگوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مودی نے ہندی میں لکھا: ’مجھے پنڈت برجومہاراج کی موت پر بے حد دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے بھارتی رقص کے فن کو پوری دنیا میں خاص پہچان دلوائی۔ ان کی موت فن کی پوری دنیا کے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

کرکٹ کے مشہور بھارتی کھلاڑی سچن تندولکر کے بقول: ’پنڈت برجومہاراج نے کتھک ڈانس کو بھارت سے پوری دنیا تک پہنچایا اور کئی لوگوں کو یہ فن سیکھنے کی ترغیب دی۔‘  

 

’ان کی موت کے بارے میں سن کر مجھے افسوس ہوا۔ وہ اپنے فن اور ترغیب حاصل کرنے والے فن کاروں کی بدولت زندہ رہیں گے۔ میں ان کے اہل خانہ اور پوری دنیا میں کتھک ڈانس سے محبت کرنے والوں کے ساتھ گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔‘

بھارتی ادارہ کاجول نے لکھا: ’پنڈت برجومہاراج ایک لیجنڈ تھے اور ان کا رقص دیکھنا انتہائی پرکشش تھا۔ آج دنیا نے ایسی شخصیت کو کھو دیا جن کا کوئی مول نہیں۔ وہ سکون کے ساتھ رہیں۔ ان کے خاندان کے ساتھ میری دلی تعزیت۔‘

بھارتی ہدایت کار انیل شرما کا کہنا تھا کہ ’پدم وبھوشن ایوارڈ لینے والے انتہائی باصلاحیت پنڈت برجومہاراج جی کی موت کا سن کر دکھ ہوا۔ میں خوش قسمت میں ہوں کہ میں نے’غدار‘(بھارتی فلم کا نام) میں بہت بڑے کتھک ڈانسر کے ساتھ کام کیا۔ ہم لیجنڈ کی کمی محسوس کرتے رہیں گے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ