امریکی ریاست مغربی ورجینیا کے رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر جم جسٹس نے ناقدین سے نمٹنے کا منفرد انداز اپناتے ہوئے انہیں اپنی پالتو کتیا کے کولہوں پر بوسہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گورنر جم جسٹس جمعے کو جب ایوان میں آئے تو ان کے معاون نے برطانوی بل ڈاگ کی نسل کی ایک کتیا بھی اٹھا رکھی تھی۔ گورنر نے اپنی تقریر کا آغاز اس جملے سے کیا ’میں آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں‘ اور پھر اپنے معاون سے کہا ’کیا آپ مجھے میری پالتو کتیا پکڑا سکتے ہیں۔‘
ان کے معاون نے پالتو کتیا کو گورنرر جم جسٹس کے حوالے کیا تو اسے ڈائس پر بیٹھنے میں کچھ مشکل پیش آئی۔ گورنر جسٹس اس دوران پالتو کتیا کو پر سکون کرنے کی کوشش میں اپنے جملے دہراتے رہے۔
پالتو کتیا کے پر سکون ہونے پر رپبلکن گورنر نے اپنی تقریر کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ’ میں نے آپ کو چند منٹ پہلے بتایا کہ مجھے آپ سب پر فخر ہے۔ بہت سے افراد نے ہم پر مکمل طور پر شک کا اظہار کیا۔ انہیں مغربی ورجینیا پر اعتبار ہی نہیں تھا کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں۔ انہیں نئے راستے پر یقین نہیں تھا۔ انہیں ماحول دوست توانائی پر یقین نہیں تھا۔ ہمارے کان کنوں پر یقین نہیں تھا۔ انہیں یقین نہیں تھا کہ یہ دن آئے گا۔ انہوں نے ہمارے بارے میں دنیا کا ہر برا لطیفہ سنایا۔‘
گورنر جم جسٹس نے اپنے ناقدین میں سے خاص طور پر خاتون گلوکار اور اداکار بیٹی مڈلر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’مجھ پر تنقید کرنے کے لیے میری پالتو کتیا بیٹی مڈلر اور ان جیسے تمام افراد کو کہتی ہے کہ اس کے کولہوں کو بوسہ دیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یاد رہے کہ بیٹی مڈلر نے اپنے ایک ٹویٹ میں مغربی ورجینیا کو غریب، کم تعلیم یافتہ اور پیچھے رہ جانے والی ریاست قرار دیا تھا۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق گورنر جم جسٹس کے اس عمل کے بعد ایک ٹویٹ میں گلوکارہ بیٹی مڈلر نے لکھا ’گورنر جسٹس کی پالتو کتیا کے کولہے زیادہ اچھا گورنر ثابت ہو سکتے ہیں۔‘
گورنر جم جسٹس کون ہیں؟
70 سالہ جم جسٹس کا تعلق رپبلکن پارٹی سے ہے۔ وہ 2017 میں امریکی ریاست مغربی ورجینیا کے گورنر بنے۔ جم جسٹس کوئلے کی کانوں کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور 2017 میں ان کی دولت کا کُل تخمینہ 1.2 بلین ڈالرز تھا۔ اس طرح وہ مغربی ریاست کے سب سے امیر ترین شخص تھے۔
گورنر جم جسٹس اکثر اپنی پالتو کتیا کو سیاسی استعاروں کے طور پر استعمال کرتے رہتے ہیں۔