پاکستان سپر لیگ سیون کے سلسلے میں اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دو میچوں میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو زیر کر لیا۔
ملتان کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کے باوجود اسلام آباد نے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
ایونٹ میں چار،چار کامیابیوں کے ساتھ اسلام آباد اور کوئٹہ کے آٹھ، آٹھ پوائنٹس ہیں۔ تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد نے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
ملتان نے 106 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔ لو سکورنگ میچ میں ملتان کے کپتان محمد رضوان نصف سنچری سکور کرکے نمایاں رہے۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان کی ابتدائی تین وکٹیں محض 18 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ تینوں بلے باز شان مسعود(چار)، عامر عظمت (چار) اور خوشدل شاہ (دو) کو لیام ڈاسن نے پویلین کی راہ دکھائی۔
چوتھی وکٹ کے لیے ٹم ڈیوڈ نے رضوان کے ہمراہ 25 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ بھی 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد کپتان نے ڈیوڈ ویلے کے ہمراہ 68 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلا دی۔ رضوان ایک چھکے اور دو چوکوں کی بدولت 51 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویلے 28 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈاسن نے تین اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر105 رنز بنائے۔
اسلام آباد کے چھ بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے تین بلے بازوں میں موسیٰ خان نے ناٹ آؤٹ 26رنز بنائے۔ ڈاسن 22 اور ناصر نواز 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عمران طاہر اور آصف آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ، ویلے اور شاہنواز دھانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کو پھر شکست
اس سے قبل آج کھیلے گئے لیگ کے اٹھائیسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے ہرا دیا۔
167 رنز کے تعاقب میں کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا سکی۔ کوئٹہ کے خرم شہزاد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں انگلش کرکٹر جوکلارک نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔
کلارک نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی بدولت 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔
تاہم اس کے بعد کراچی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ شرجیل خان 16، قاسم اکرم نو، روحیل نذیر آٹھ، عماد وسیم 11 ، لوئس گریگری ایک اور ٹام لیمنبے صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کو آخری 12 گیندوں پر جیت کے لیے 37 رنز درکار تھے کہ خرم شہزاد نے دوسری گیند پر چھکا لگنے کے باوجود اوور کی آخری دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
اس دوران عماد وسیم کا ایک کیچ ڈراپ ہوا جبکہ ایک مرتبہ وہ نوبال پر کیچ دے بیٹھے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خرم نے 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیسن رائے کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے اوپنر نے 64 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔
جیمز ونس نے 29، ول سمیڈ نے 10 اور عمر اکمل نے دو رنز سکور کیے۔ افتخار احمد اور حسان خان بالترتیب 21 اور تین رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
لوئس گریگری، عماد وسیم، میر حمزہ اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔