’مویشیوں میں لمپی سکن کا وائرس کے پھیلنے کی شرح 90 فیصد ہے‘

’یہ ایک وائرل بیماری ہے اور اس بیماری کا صرف ایک ہی اعلاج ہے اور وہ ہے ویکسین جو کہ پاکستان میں اس وقت میسر نہیں۔‘

سندھ کے مختلف علاقوں بالخصوص کراچی کی بھینس کالونی کے مویشیوں میں گانٹھ اور پھوڑو کی جلد کی بیماری پھیل رہی ہے۔

کراچی کے علاقے لانڈھی کی بھینس کالونی میں واقع جانوروں کے سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر زمران باجکانی نے انڈپینڈنٹ ارد کو بتایا کہ ’مویشیوں کے لمپی سکن کا وائرس کے پھیلنے کی شرح 90 فیصد ہے جب کہ اس کی شرح اموات پانچ فیصد ہے۔ مگر اس بیماری میں مبتلہ ہونے والی مویشیوں کا جسم کا درجہ حرارت اس حد تک بڑھ جاتا ہے کہ وہ کھانا پینا چھوڑ دیتی ہیں جس کے باعث وہ کمزور ہوجاتی ہیں اور دودھ دینا چھوڑ دیتی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس وائرس سے مویشیوں کی جلد پر پھوڑے، گانٹھ اور دانے نمودار ہوجاتے ہیں۔ ان دانوں میں پیپ بھی پڑ جاتی ہے جو کہ گائے کی کھال سے گوشت تک سرایت کرجاتی ہے۔ اس کے باعث بیمار گائے کے گوشت میں بھی دانے کے نشان ہوتے ہیں اور وہ گوشت استعمال نہیں ہوتا۔‘

’اس وائرس کی شرح اموات تو کم ہے مگر جب کسی گائے کی دودھ کی پیداوار ختم ہوجائے اور اس کا گوشت قابل استعمال نہ ہو تو ایسی گائے تو قتل کردیا جاتا ہے تاکہ یہ بیماری ایک گائے سے دوسری گائے میں نہ پھیلے۔‘

’سندھ میں اس بیماری کا سب سے پہلا کیس دو ماہ قبل رپورٹ ہوا تھا۔ مگر اس سے پہلے یہ بیماری افریقہ میں پائی گئی تھی جہاں اس سے 80 لاکھ جانور متاثر ہوئے۔ اس کے بعد یہ ایران اور انڈیا سے ہوتی ہوئی پاکستان میں آگئی۔ اس کے پھیلنے کی سن سے بڑی وجہ مکھیاں اور مچھر ہیں۔ اس لیے اس کی روک تھام کے لیے فارمرز کو چاہیے کہ وہ مچھروں کا سپر مسلسل طور پر کرتے رہیں۔‘

’یہ ایک وائرل بیماری ہے اور اس بیماری کا صرف ایک ہی اعلاج ہے اور وہ ہے ویکسین جو کہ پاکستان میں اس وقت میسر نہیں۔‘

دوسری جانب ڈیری اینڈ کیٹل فارم ایسوسی ایشن کے صدر اور بھینس کالونی میں سدیس ڈیری فارم کے مالک مبشر قدیر عباسی نے کا کہنا ہے کہ ’بھینس کالونی میں 5000 کیٹل فارم ہیں جن میں لاکھوں مویشی ہیں۔ ہر فارم میں اس وقت ایک سے دو فیصد گائے اس وائرس میں مبتلہ ہیں جس کے باعث اب تک صرف کراچی میں تقریبا 25 سے 30 ہزار گائیں اس بیماری کا شکار ہوچکی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق ’یہ بیماری گائے سے بھینس میں نہیں پھیلتی مگر ایک سے دوسری گائے میں بہت جلدی بھیل رہی ہے۔ ہمارے فارم میں بیس فیصد گائے ہیں اور 80 فیصد بھینس۔ مگر صرف 20 فیصد گائے 80 فیصد بھینس جتنا دودھ فراہم کرتی ہیں۔ اس بیماری میں مبتلہ ہونے والی گائے دودھ دینا چھوڑ دیتی ہے جس کی وجہ سے دودھ کی پیداوار میں کمی آئی ہے اور آنے والے دنوں میں دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ایسی گائے کا گوشت بھی کسی کام کا نہیں رہتا، ہمیں مجبورا اسے قتل کرنا پڑتا ہے اور لاکھوں کا نقصان ہوتا ہے۔ ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ فوری طور پر مویشیوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی لگائی جائے اور اس کی ویکسین فراہم کی جائے۔‘

سندھ حکومت کے لائیو سٹاک ڈپارٹمنٹ نے وفاقی حکومت کو جانوروں میں جلد کی بیماری کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ اس بیماری میں مبتلہ مویشیوں کا گوشت اور دودھ انسانوں کے لیے مضر صحت نہیں مگر اس کا علاج ویکسین ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی بھینس کالونی اور سندھ کے دیگر علاقوں کی گائے میں جلدی بیماری پھیلنے کا نوٹس لے لیا ہے اور محکمہ لائیو سٹاک سے اس کے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔

نیز لائیوسٹاک محکمے کی ٹیموں کو ڈیری فارمز کا دورہ کرنے اور جانوروں کی تشخیص کر کے فوری ویکسینیشن کرنے کی ہدایت کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا