بھارت کا تعلقات میں بہتری کے لیے ’دہشت گردی سے پاک‘ ماحول پر اصرار

نریندر مودی اور وزیرِ خارجہ جے شنکر کی جانب سے اپنے پاکستانی ہم منصب کو بھجوائے گئے خطوط میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے وزیر اعظم عمران خان اورشاہ محمود کے ان خطوط کے جواب  بھجوائے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت امن اور ترقی کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

پاکستان میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خطوط کے جواب بھجوائے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت امن اور ترقی کے لیے پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دہشت گردی سے پاک ماحول میں تعلقات کی بہتری کے لیے تیار ہے۔

یہ ہمسایہ ملک میں ہوئے عام انتخابات میں نریندر مودی کی کامیابی کے بعد بھارت کی جانب سے رابطے کا پہلا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 

بھارت کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی اور جے شنکر کو الگ الگ خطوط لکھے تھے۔

ادھر دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے خطوط سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے بھارتی رہنماؤں نے دہشت گردی سے پاک ماحول ضروری قرار دیا ہے۔

’سفارتی روایت کے مطابق وزیر اعظم (مودی) اور وزیر خارجہ نے مبارک باد کے پاکستانی پیغامات کا جواب دیا ہے۔ ہم تمام ہمسایہ ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ معمول کی اور تعاون کے تعلقات چاہتے ہیں۔‘

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ضروری ہے کہ اعتماد کا ماحول بنے جو دہشت گردی، تشدد اور مخاصمت سے پاک ہو۔‘

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ یہ خطوط  دو روز قبل پاکستانی وزارت خارجہ کو بھجوائے گئے تھے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دوبارہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے پیغام دیا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔  ’خطے میں ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان امن و استحکام سے خطے میں ترقی آ سکتی ہے۔‘

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نریندر مودی اور جے شنکر کی جانب سے بھجوائے گئے خطوط میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ’بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے۔ پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا جاتا ہے۔ امن اور ترقی کے لیے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے دہشت گردی سے پاک ماحول میں مذاکرات کے لیے تیار ہے۔‘

پاکستانی سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں خطوط باقاعدہ اور باضابطہ سفارتی چینل کے ذریعے پاکستان کو منگل کے روز موصول ہوئے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جلد اپنے بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جواب دیں گے۔

بھارت کی سینیئر صحافی اور ایشین نیوز انٹرنیشنل کی مدیر سمیتا پرکاش نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بھارتی رہنماؤں کے پیغامات میں پاکستانی میڈیا کی کوریج کے برعکس مذاکرات شروع کرنے کا کہیں ذکر نہیں۔

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان