یوکرین پر روس کے حملے کو 15 روز ہوچکے ہیں۔ اس دوران اپنے ملک میں ہونے والی تباہی پر آواز اٹھانے والوں میں یوکرینی گلوکارہ کیمیلیا بھی سرفہرست ہیں، جو ارب پتی پاکستانی محمد ظہور کی اہلیہ ہیں۔
18 مئی 1977 کو پیدا ہونے والی کیمیلیا کا اصل نام نتالیہ شمرینکووا ہے۔ وہ ماڈلنگ اور اداکاری بھی کرتی ہیں اور سابق مس ورلڈ بھی رہ چکی ہیں۔ فیشن میگزین جی کیو نے انہیں 2014 میں یوکرین کی لیڈی گاگا ان دی میکنگ قرار دیا تھا۔
کیمیلیا آٹھ سال کی عمر کی تھیں جب چرنوبل کا جوہری حادثہ ہوا۔ انہوں نے اگلے کئی ماہ ہسپتال میں گزارے، برسوں بعد لمف نوڈ کینسر سے لڑیں اور سوچا کہ شاید ان کے کبھی بچے نہیں ہوں گے۔ اس کے برعکس انہوں نے محنت کی، اپنی گائیکی کے لیے مشہور ہوئیں اور عروج حاصل کیا۔
کیمیلیا اور ظہور کی دو جڑواں بیٹی ہیں اور ان کی آٹھ سالہ بیٹی میرابیلا بھی اپنے والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گلوکاری کی طرف مائل ہیں۔ ان کی دوسری بیٹی آرا بیلا ہیں۔
کیمیلیا اپنے انسٹاگرام پر آج کل روسی حملے سے ہونے والی تباہی اور انسانی بحران کی اپ ڈیٹس تواتر سے شیئر کر رہی ہیں۔
نو مارچ کو اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں امریکہ پر تنقید اور یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی کی حمایت کرتے ہوئے کیمیلیا نے لکھا: ’میں آپ کے بارے میں نہیں جانتی، لیکن میں اپنے صدر سے متفق ہوں کہ ہمیں نیٹو کی رکنیت کا متبادل تلاش کرنا چاہیے۔ سچ کہوں تو نیٹو نے ہمیں مایوس کیا۔ وہ ہماری جانوں کی قیمت پر اپنی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وہ روسیوں سے ڈرتے ہیں، لیکن ہم نہیں۔ پھر ہمیں نیٹو کی کیا ضرورت ہے؟‘
کیمیلیا کی شادی یوکرین میں کامیاب سٹیل کا کاروبار کرنے والے پاکستانی محمد ظہور کے ساتھ 2003 میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ شادی کی ہاں کرنے تک وہ کیمیلیا کو روزانہ پھول بھیجا کرتے تھے۔
ایک بڑے اخبار کیئف ٹائمز کے ناشر بھی ہیں۔ ظہور ایک طالب علم کی حیثیت سے کراچی سے یوکرین تعلیم کے لیے گئے تھے۔
سٹیل کی تجارت میں انہوں نے اتنا کمایا کہ ایک وقت میں ان کی یوکرین میں پانچ ملیں تھیں۔ جب انہوں نے ان ملوں کو 2008 میں فروخت کیا تو ان سے انہوں نے تقریباً 1 ارب ڈالر (750 ملین یورو) کا منافع کمایا۔
محمد ظہور کا ماضی میں کہنا تھا کہ کیمیلیا کو دنیا کا سب سے بڑا سٹار بنانا ان کا ایک وقت مشن تھا۔ ظہور نے جی کیو میگزین کو بتایا کہ ’جب میں کیمیلیا سے ملا اس وقت مجھے میوزک انڈسٹری کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ میں صرف اتنا جانتا تھا کہ ان کی ایک خوبصورت آواز ہے جسے دنیا نے سننا ہے۔‘
ان دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمیلیا ظہور کی ایک کاروباری میٹنگ کے دوران اچانک کھڑی ہوئیں اور یوکرین کا روایتی لوک گانا گایا۔
جب کیمیلیا تین سال کی تھیں تو فوج میں ان کے والد کو بداپیسٹ تعینات کیا گیا جہاں وہ بچوں کے رقص کرتیں اور گاتی تھیں۔ بعد میں جب اس کا خاندان لویو منتقل ہوا تو انہوں نے وائلن اور اوپیرا میں کلاسیں لیں اور سکول میں رہتے ہوئے انہوں نے زیادہ سے زیادہ کنسرٹس اور شوز میں حصہ لیا۔
ان کی مقبولیت اور محنت کی وجہ سے انہیں یوکرینی لوک موسیقی گروپ ’ہلیٹسکا پرلینا‘کے ساتھ گانے کی دعوت ملی۔ 1997 میں انہوں نے یونیورسٹی آف کلچر سے ورائٹی آرٹ اور ماس شوز ڈائریکشن میں ڈگری حاصل کی۔
اس وقت انہوں نے اپنا پہلا ویڈیو کلپ ’ٹیکنو سٹائل‘ ریکارڈ کیا تھا۔ 1999 اور 2000 کے دوران کیمیلیا نے 50 سے زائد گانے لکھے اور اپنے البم ’دس از لو(یہ محبت ہے)‘ پر کام کیا۔
2004 میں یوکرین کے صدر نے یوکرین کی ثقافت کی ترقی میں شاندار کامیابیوں پر کیمیلیا کو یوکرین کے اعزازی فنکار کے خطاب سے نوازا۔
2003 میں خوبصورتی کے مقابلوں میں وہ ’مس ساؤتھ یوکرین‘ اور ’مس اوپن – اوڈیسا‘ بن گئیں۔ 30 جون 2008 کو کمالیہ نے مسز ورلڈ مقابلہ جیتا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سال 2013 میں محمد ظہور اپنی اہلیہ کے ہمراہ ’میٹ دی رشینز‘ نامی ایک برطانوی رئیلٹی شو جسے فاکس ٹی وی تیار کرتی ہے میں شریک ہوئے تھے۔ یہ پروگرام مالدار روسیوں کے بارے میں ہے جو لندن میں قیام پزیر ہوں۔
باتونی اور پرجوش سمجھی جانے والی کیمیلیا روسی حملے کی شدید مخالفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا: ’سب سے پہلے (امریکی صدر) جو بائیڈن نے کہا کہ اگر پولینڈ اپنے مِگ طیارے یوکرین منتقل کرتا ہے، تو وہ اتنی ہی تعداد میں ایف 16 طیارے پولینڈ کو دے گا۔ پھر پولینڈ پیچھے ہٹ گیا اور اب امریکہ پیچھے ہٹ گیا ہے۔ واہ، آپ لوگ روس سے اتنا ڈرتے ہیں کہ کوئی کھلے عام یہ اعتراف کرنے کی جرات نہیں کرنا چاہتا کہ میں نے یہ طیارے یوکرین کو دیے اور وہ میری فضائی حدود سے یوکرین میں اڑے۔ کیا ہمیں ایسے اتحاد کی ضرورت ہے؟‘
کیمیلیا نے اپنے صدر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہم وطنوں کو مخاطب کرکے لکھا: ’آئیے یہ جنگ جیتیں۔۔۔ جب جنگ ختم ہو جائے تو ہمیں خود کو روسی یا نیٹو بلاک میں باندھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔ ہمارا مقصد مشرقی یورپ کا سوئٹزرلینڈ بننا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس جنگ سے سبق سیکھ کر صدر زیلنسکی ہمیں نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔‘
اسی طرح انہوں نے بظاہر روسی طیاروں کے یوکرین میں تباہ ہونے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’یہ ویڈیو ان لوگوں کے لیے ہے جو یوکرین پر آسمان بند کرنے سے ڈرتے تھے۔‘
اپنی ایک اور پوسٹ میں وہ اپنے ہم وطنوں کی ہمت بندھاتی نظر آئیں، جس میں ان کا کہنا تھا: ’ہم مضبوط لوگ ہیں اور فتح ہماری ہے۔ ہمارے صدر وولودی زیلنسکی کا شکریہ۔ ان کی ہمت اور اپنے لوگوں اور زمین سے محبت کے لیے۔‘
کیمیلیا نے زیلنسکی کو ’حقیقی صدر‘ قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ’یوکرین کے تمام لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔ پوری دنیا ہمارے لیے ہے۔ مجھے ہماری فتح پر یقین ہے۔‘
کیمیلیا کی ایک بڑی محبت جانور ہیں۔ ان کے پاس پالتو جانوروں کی ایک غیر معمولی تعداد ہے جن میں: 12 کتے، تین خرگوش، ایک بلی، ایک فالکن، تین طوطے اور پانچ گھوڑے شامل ہیں۔ وہ گھڑ سواری کی شوقین ہیں۔
یوکرین پر روسی حملے کے آغاز کے بعد سے انہوں نے بہت سی جذباتی پرآشوب پوسٹس بھی کیں، جن میں وہ اسے ’دنیا کا خاتمہ‘ قرار دیتے ہوئے جنگ کی بندش کی اپیل کرتی نظر آئیں۔