بھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ میں نشے میں دھت ایک شخص اس وقت جیل جا پہنچا، جب اس نے اپنی بیوی کے خلاف شکایت کرنے کے لیے بار بار پولیس کو بلایا۔
ریاستی دارالحکومت حیدرآباد سے تقریباً 90 کلومیٹر دور ضلع نلگنڈہ میں یومیہ اجرت پر مزدوری کرنے والے 28 سالہ نوین جمعے کی رات نشے کی حالت میں گھر واپس آئے اور اپنی بیوی سے مٹن (بکرے کا گوشت) پکانے کو کہا، جسے وہ گھر واپسی پر بازار سے لائے تھے۔
تاہم نوین کی شراب کی لت سے ناراض بیوی نے گوشت پکانے سے انکار کر دیا۔
اس انکار پر ناراض شوہر نے شکایت درج کروانے کے لیے ایمرجنسی نمبر ’100‘ پر چھ بار ڈائل کیا اور حکام سے اپنے حق میں مداخلت کرنے کو کہا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک پولیس انسپکٹر نے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو بتایا کہ ’ایمرجنسی عملے نے سوچا کہ یہ ایک مذاق پر مبنی کال ہے اور اسے منقطع کر دیا، لیکن نوین اسی شکایت کے ساتھ بار بار ڈائل کرتے رہے اور پھر چھ کالوں کے بعد ہمیں مطلع کیا گیا۔‘
جس کے بعد حکام نوین کے گھر گئے لیکن نشے میں ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا۔ بعد ازاں ہفتے کی صبح انہیں ایک ’غیر متعلقہ مسئلے‘ پر حکام کا وقت ضائع کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔
نوین کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دو دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں پریشانی پیدا کرنا بھی شامل ہے، بعد ازاں انہیں تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا۔
پولیس انسپکٹر کے مطابق نوین نے واقعے کے بعد خود کو اپنے گھر تک محدود کرلیا کیونکہ گاؤں والوں نے ان کے نشے میں ڈائل کرنے پر ان کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔
© The Independent