پاکستانی شوبز انڈسٹری کے خوبصورت چہروں میں سے ایک سارہ خان نے گذشتہ نو سال سے ٹی وی کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کر کے خود کو منوایا ہے۔
ان دنوں سارہ خان ہم ٹی وی پر رمضان کے خصوصی ڈرامے ’ہم تم‘ میں اداکاری کر رہی ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کسی مزاحیہ کردار میں نظر آرہی ہیں۔
گذشتہ سال اکتوبر میں اپنی بیٹی کی ولادت کے بعد یہ ان کا پہلا باقاعدہ انٹرویو ہے۔
ڈراما ’ہم تم‘ کے سیٹ پر ہی انڈیپینڈنٹ اردو نے ان سے ملاقات کی اور پوچھا کہ انہوں نے مزاحیہ کردار کرنے میں اتنا وقت کیوں لگا دیا۔
سارہ خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’ہم تم‘ میں ان کا کردار ماہا ایک مزاحیہ کردار ہے اور انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں وہ اس طرح کا کردار کرسکتی ہیں لیکن ہدایت کار دانش نواز نے ان کے اندر سے اس کردار کو باہر نکالا۔
سارہ نے بتایا کہ ’پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ وہ صرف معصوم، رونے والے کردار کرسکتی ہیں تاہم پھر انہوں نے ڈرما ’ثبات‘، ’رقصِ بسمل‘ اور ’بیلا پور کی ڈائن‘ کیا تو لوگوں کو خیال آیا کہ وہ دوسرے کردار بھی کرسکتی ہیں، اس سے پہلے لوگ ان کے ساتھ تجربہ کرنے سے کچھ گھبراتے تھے، لیکن اس ڈرامے میں جو کردار ہے وہ اس کا تجربہ خود کرنا چاہتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ کردار انہوں نے ایک طرح سے خود کو چیلنج کرنے کے لیے کیا ہے۔‘
سارہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کئی منفی کردار کیے ہیں۔ ان ڈراموں میں بھی انہوں نے کوشش کی کہ چیخنے چلانے کی جگہ پیار سے کسی کی بےعزتی کردی جائے اسی طرح مزاح بھی دو طرح کے ہوتے ہیں۔ ڈرامے ’ہم تم‘ میں ان کردار دھیما سا مزاحیہ ہے۔‘
سارہ خان نے بتایا کہ وہ خود بھی رمضان کے ڈرامے دیکھتی ہیں بلکہ ’اپنے شوہر کے ساتھ‘ دیکھتی ہیں تو اس مرتبہ ’وہ مجھے دیکھیں گے تو زیادہ اچھا لگے گا۔‘
رمضان کے لیے خصوصی طور پر بنائے گئے اس ڈرامے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’روزہ کھول کر لوگ ذرا ہلکے پھلکے ڈرامے دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ ہنسنا چاہتے ہیں تاکہ ان کا دن اچھا گزرے۔‘
سارہ خان کے شوہر فلک ایک گلوکار ہیں۔ سارہ خان سے جب پوچھا گیا کہ بہت سے اداکار گذشتہ ایک سال کے دوران گلوکار بن گئے۔ آپ نے کیوں کوشش نہیں کی؟ تو انہوں نے بتایا کہ ’انہیں اور فلک کو بہت مرتبہ ساتھ گانا گانے کی پیشکش ہوئی ہے۔‘
’مگر میں سمجھتی ہوں کہ اداکاری اور گلوکاری دو بالکل ہی مختلف کام ہیں اور کتنے بھی بڑے پلیٹ فارم سے گانے کی پیشکش ہو تو شاید کبھی نہ کروں۔‘
اپنے شوہر کے اداکاری کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہ ان کی مرضی ہے لیکن انسان کے شوق وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں۔‘
سارہ خان اور فلک سوشل میڈیا پر اپنی بہت زیادہ رومانوی تصاویر لگاتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سارہ خان نے اس بار ے میں کہا کہ ’ہم محبت کو عوام کے سامنے کیوں نہیں رکھ سکتے۔ میں خود جانتی ہوں کتنے لوگ ایسے ہیں جنھوں نے ہمارے بعد سے پیار کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے۔ میرا شوہر مجھے پیار کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا دیکھے اور پیار ہے تو کیوں نہ دکھائیں۔ مثبت رویہ پھیلائیں۔‘
سارہ خان نے بتایا کہ ’میں ایک اتھلیٹ کا کردار کرنا چاہتی ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اتھلیٹ کے علاوہ ایک فائٹر کا کردار بھی ادا کرنا چاہتی ہیں کوئی ایسا کام جس میں ایکشن ہو۔
سارہ خان نے آج تک کبھی فلموں میں کام نہیں کیا، اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’میں نے اپنے لیے کچھ حدود مقرر کر رکھی ہیں۔ میں ایک بہت بری ڈانسر ہوں۔ میں ڈانس نہیں کرسکتی۔ پھر کچھ دیگر حدود ہیں۔ تو اگر ان کے اندر رہتے ہوئے فلم میں کام کرنے کا موقع ملے تو میں ضرور فلم کرنا چاہتی ہوں۔‘
سارہ خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہر نئے ڈرامے میں کسی نئے اداکار کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔ ’خصوصاً جو بالکل نئے اداکار ہوں ان کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آتا ہے۔‘
یہ بات شاید کم لوگ ہی جانتے ہوں کہ سارہ خان کی ولادت مدینہ منورہ میں ہوئی تھی اور ان کی والدہ لبنانی تھیں۔ ہم نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ عربی بولتی ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ’میں عربی نہیں جانتیں کیوں کہ وہ بہت چھوٹی عمر میں پاکستان آگئی تھیں البتہ ان کے بڑے بھائی بہن عربی بولتے ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’میں اپنی بیٹی کو عربی ضرور سکھاؤں گی۔‘
سارہ خان نے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ نے عورت کو مضبوط بنایا ہے اور اسے اتنی طاقت دی ہےکہ کام ہوجاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہوگیا ہے کہ بچے پالنا کرنا مشکل کام ہے۔ جو خواتین گھر پر رہتی ہیں ان کے لیے بھی بچے پالنا ایک بہت بڑا کام ہے اور جو کام کرتی ہیں بچوں کے ساتھ تو انہیں تو سلام ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میری بیٹی چار ماہ کی ہے اور وہ ایک مہینے سے اس ڈرامے ’ہم تم‘ پر کام کررہی ہیں۔ بس آپ کے ساتھی کو مددگار ہونا چاہیے جو آپ کا اور بچوں کا خیال رکھے۔‘