مرسڈیز بینز کی کانسیپٹ الیکٹرک کار نے ایک چارج میں چار ممالک کا سفر کرتے ہوئے ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کیا ہے۔
دنیا میں سب سے بہتر کارکردگی کی دعویدار الیکٹرک کار ’مرسڈیز ویژن ای کیو ایکس ایکس‘ نے جرمنی کے شہر سنڈیلفنجین سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور سوئٹزرلینڈ اور اٹلی سے گزرتے ہوئے فرانس کے جنوبی شہر کاسیس تک اپنا سفر مکمل کیا۔
کار نے اس سفر کے دوران شہروں کی حقیقی ٹریفک کی صورتحال، موٹر ویز پر 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار اور سوئس پہاڑی سلسلے الپس کے ایک حصے کو بھی عبور کیا۔
جرمن کار ساز ادارے مرسڈیز بینز گروپ اے جی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر مارکس شیفر نے اس حوالے سے کہا: ’جنوبی فرانس تک کے ہمارے کامیاب روڈ ٹرپ کے ذریعے ہم نے ثابت کیا ہے کہ اس کار کی کارکردگی جدید دور کی سکۂ رائج الوقت اہلیت کی حامل ہے۔‘
ان کے بقول: ’وژن ای کیو ایکس ایکس ایک جامع پروگرام کا نتیجہ ہے جو آٹوموٹیو انجینئرنگ کے مستقبل کے لیے ایک بلیو پرنٹ فراہم کرتا ہے۔ ہم اس کی ممکنہ حد کا جائزہ لیتے رہیں گے۔‘
یہ سفر ایک ہی دن میں مکمل کیا گیا جس دوران کار نے کل ایک ہزار آٹھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور منزل پر پہنچنے کے بعد بھی اس کی بیٹری کا 15 فیصد چارج باقی تھا۔
’وژن ای کیو ایکس ایکس‘ فی الحال ایک کانسیپٹ کار ہے اور اس وجہ سے یہ تجارتی سطح پر دستیاب نہیں لیکن کمپنی کو امید ہے کہ یہ مستقبل کی گاڑیوں کے لیے ایک بلیو پرنٹ فراہم کرے گی جس کے کچھ جدید فیچرز پہلے ہی پروڈکشن میں شامل کیے جا چکے ہیں۔
کار میں ایک فکسڈ سولر روف بھی شامل ہے جس میں 117 سولر سیل موجود ہیں جو 12 وولٹ کی بیٹری کو چارج کرتے ہیں اور گاڑی کے اندر نیویگیشن سسٹم جیسے الیکٹرانکس نظام کو پاور فراہم کرتے ہیں۔
یہ سولر سسٹم مرکزی بیٹری کو ضائع ہونے سے روکتا ہے اور گاڑی کی رینج کو تقریباً دو فیصد تک بڑھاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مرسڈیز کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین اولا کیلینیئس نے کہا کہ ’وژن ای کیو ایکس ایکس اب تک کی بنائی گئی سب سے موثر کارکردگی والی مرسڈیز کار ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے پیچھے کارفرما ٹیکنالوجی پروگرام الیکٹرک گاڑیوں کی ترقی میں ایک سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ الیکٹرک گاڑیوں کو لیڈ کرنے کے ہمارے سٹریٹجک مقصد کو تقویت دیتا ہے۔‘
مرسڈیز کی اس کار کا ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ کا سفر روزمرہ کی سڑکوں پر سفر کرنے والی دیگر الیکٹرک گاڑی کے عالمی ریکارڈ کے قریب ہے تاہم یہ ’پروف آف کانسیپٹ‘ بیٹری سے چلنے والی ٹیسلا کی ’ماڈل ایس‘ سے کم ہے جس نے ایک چارج پر 12 سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔
مرسڈیز کی یہ کامیابی نہ صرف ٹیسلا کی معیاری گاڑیوں کی رینج سے دگنی سے بھی زیادہ تھی بلکہ یہ بڑے پیمانے پر بننے والی کسی بھی پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رینج سے بھی زیادہ تھی۔
© The Independent