سپر سٹار سنجے دت نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ جب دو سال قبل ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تو ان کے احساسات کیا تھے۔
سنجے نے بتایا کہ ان کی بہن پریا دت نے انہیں یہ خبر بریک کی، جس کے بعد وہ اپنے خاندان اور زندگی کے بارے میں سوچتے ہوئے گھنٹوں روتے رہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے نے یہ بھی بتایا کہ کیسے وہ اپنی طاقت واپس حاصل کرنے کے لیے اس بیماری سے لڑے۔
سنجے نے کہا کہ ان کی ڈاکٹر نے انہیں کیموتھراپی کے اثرات سے خبردار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں کچھ نہیں ہو گا۔
خیال رہے کہ سنجے کو اگست 2020 میں سٹیج فور پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے چند ماہ بعد انہوں نے ایک نوٹ شیئر کیا۔
نوٹ کے مطابق: ’پچھلے چند ہفتے میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت مشکل تھے لیکن جیسا کہ وہ کہتے ہیں، خدا اپنے مضبوط ترین سپاہیوں کو مشکل ترین لڑائیاں دیتا ہے اور آج اپنے بچوں کی سالگرہ کے موقعے پر میں اس جنگ سے جیت کر باہر آنے پر خوش ہوں اور انہیں بہترین تحفہ دینے کے قابل ہوں۔‘
یوٹیوبر رنویر الہبادیہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سنجے نے یاد کیا: ’یہ کرونا وبا کے باعث لاک ڈاؤن میں ایک عام دن تھا۔ میں سیڑھیاں چڑھا تو میری سانس بالکل ختم ہو چکی تھی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’میں نہایا، میں سانس نہیں لے سکتا تھا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا ہو رہا ہے، میں نے اپنے ڈاکٹر کو بلایا۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’ایکسرے میں میرے پھیپھڑے آدھے سے زیادہ پانی میں ڈوبے ہوئے تھے۔ انہیں پانی نکالنا پڑا۔ وہ سب امید کر رہے تھے کہ یہ ٹی بی (تپ دق) ہے لیکن یہ کینسر نکلا۔‘
’یہ خبر مجھ تک کیسے پہنچائی جائے، یہ بذات خود ایک بڑا مسئلہ تھا کیونکہ میں کسی کا منہ توڑ سکتا تھا، تو میری بہن نے آکر مجھے بتایا۔ ’میں نے کہا ٹھیک ہے، مجھے کینسر ہو گیا ہے، اب کیا؟'
’پھر ہم نے منصوبہ بندی کرنا شروع کر دی، یہ اور وہ کروں گا۔۔۔لیکن میں دو تین گھنٹے سے زیادہ روتا رہا کیونکہ میں اپنے بچوں اور اپنی زندگی اور اپنی بیوی اور ہر چیز کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ لیکن پھر میں نے کہا: ’میں کمزور ہونا چھوڑ دوں گا۔‘
سنجے نے بتایا کہ پہلے تو انہیں ویزا نہیں ملا اور علاج بھارت میں کرانے کا فیصلہ ہوا۔ اداکار ہریتک روشن کے والد، اداکار اور پروڈیوسر راکیش روشن نے ایک ڈاکٹر تجویز کیا۔
سنجے نے انکشاف کیا کہ جب ڈاکٹر نے انہیں بالوں کے گرنے اور الٹی ہونے سے خبردار کیا تو انہوں نے کہا: ’مجھے کچھ نہیں ہوگا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کیموتھراپی سیشن کے بعد روزانہ ایک گھنٹہ سائیکل چلاتے تھے۔ اداکار نے دبئی میں کیموتھراپی کے لیے جانے اور پھر دو سے تین گھنٹے تک بیڈمنٹن کھیلنے کا بھی بتایا۔ سنجے اب کینسر سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔