پاکستان کے نئے وزیر اعظم شہباز شریف کے اقتدار سنبھالتے ہی ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کرنے کے احکامات کے بعد اسلام آباد میں پشاور موڑ تا نیو ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 اپریل کو چار سال سے التوا کے شکار میٹرو منصوبے کا دورہ کیا تھا جہاں اسے پانچ دن میں آپریشنل کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد پیر کو پشاور موڑ تا نیو ائیرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میٹرو کا25.6 کلومیٹر پر محیط یہ ٹریک سیکٹر جی نائن سٹیشن سے شروع ہو کر نیو ائیرپورٹ پر اختتام پذیر ہوتا ہے جسے بعد میں روات تک لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ میٹرو بس ٹریک کا کام 2017 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں شروع ہوا تھا جو 2018 میں مکمل کیے جانے کے بعد آپریشنل ہونا تھا، لیکن حکومت تبدیلی کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔
اس منصوبے پر اب تک 16 ارب روپے کی لاگت آ چکی ہے۔
اسلام آباد میٹرو بس کے اس ٹریک کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کے وزرا کے ’پاس بڑی آرام دہ اور بلٹ پروف گاڑیاں تھیں اور انہیں اس بات کی فکر نہیں تھی کہ کسی بچے نے سکول جانا ہے، کسی بیوہ نے مشقت کر کے اپنے بچوں کو رزق حلال کھلانا ہے، اگر انہیں اس بات کا احساس ہوتا تو یہ منصوبہ چار سال چھوڑ چار گھنٹے تاخیر کا شکار نہ ہوتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ منصوبہ چار سال ابدی نیند سوتا رہا لیکن میں نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اس کو چار دن میں مکمل کر کے اس کا افتتاح کر دیا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس رفتار سے ہمیشہ سے کام کرتا رہا ہوں۔
ٹریک کی تفصیلات
یہ ٹریک سات سٹیشنز پر محیط ہے جن میں سیکٹر جی نائن میں واقع این ایچ اے، سیکٹر جی ٹین، پولیس فاؤنڈیشن، سیکٹر جی 13، گولڑہ موڑ، 26 نمبر چونگی پر واقع این فائیو اور آخری سٹیشن نیو ائیر پورٹ ہے۔
ٹکٹ کے حوالے سے بتاتے چلیں تو فی الحال ماہ رمضان میں وزیراعظم کے احکامات کے مطابق اسے مفت چلایا جائے گا جس کے بعد میٹرو بس کے اس ٹریک کی ٹکٹ کی قیمت کا تعین کیا جائے گا۔
اس ٹریک پر چلنے والی میٹرو بسیں صبح چھ بجے سے رات دس بجے تک دستیاب ہوں گی تاہم این فائیو تا نیو ائیرپورٹ سٹیشن کا ٹریک 24 گھنٹے آپریشنل رہے گا۔
ایئرپورٹ آنے جانے والوں کو کیا کرنا ہوگا؟
راولپنڈی سے ایئرپورٹ کو منتقل کیے جانے کے بعد سے اسلام آباد، راولپنڈی اور اس سے ملحقہ علاقوں سے ایئرپورٹ جانے والے افراد کی سب سے بڑی مشکل وہاں تک پہنچنا ہی تھی۔
اس کی ایک وجہ ایئرپورٹ کا شہر سے دور ہونا تھی تو دوسری وجہ وہاں تک پہنچنے کے لیے ٹیکسی یا کسی ایپ کے ذریعے گاڑی بک کروانے والی سروسز کے بڑھتے کرائے تھی۔
تاہم اسلام آباد میٹرو بس سروس کی وجہ سے شہریوں کی یہ مشکلات تو سمجھیں ختم۔ کیونکہ اب انہیں ایئرپورٹ جانے یا وہاں سے آنے کے لیے بھاری کرائے ادا نہیں کرنا ہوں گے۔
مگر ایک مشکل تو اب بھی رہے گی اور وہ یہ کہ اگر کسی شہری کو رات دس بجے کے بعد اور صبح چھ سے پہلے ائیرپورٹ جانا ہے تو اسے 26 نمبر چونگی پر واقع این فائیو سٹیشن پر جانا ہوگا۔
اس کے وجہ یہ ہے کہ رات دس بجے کے بعد اور صبح چھ بجے سے پہلے اس دوران میٹرو کا کوئی اور سٹیشن آپریشنل نہیں ہوگا۔
اسی طرح اگر کوئی شہری نیو ائیرپورٹ سے آ رہا ہے تو وہ تقریباً 25 منٹ کے وقت میں این ایچ اے سٹیشن پر اتر سکے گا جہاں سے آگے اسے کوئی گاڑی یا کار ہیلنگ ایپ استمعال کرنا ہوگی۔