پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اپنے دورہ یورپ کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے منگل کو کھیلے گئے پہلے ہی میچ میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔
20 رکنی پاکستانی سکواڈ سنیچر کو ایمسٹرڈیم پہنچا تھا، جہاں منگل کو اس نے اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا یہ میچ آغاز سے ہی سنسنی خیز رہا جہاں نیدرلینڈز کی ٹیم کو پہلے دو کوارٹرز میں مہمان ٹیم پر دو- ایک سے برتری حاصل رہی۔
تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے ہمت نہ ہاری اور مقابلہ جاری رکھا اور اگلے دو کوارٹرز میں ایسا عمدہ کھیل پیش کیا کہ میزبان ٹیم بھی حیران رہ گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کی جو ٹیم نیدرلینڈز سے ایک گول پیچھے تھی، اسی نے میزبان کو ٹیم کو آخر میں تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے رضوان نے تین جبکہ مبشر اور اعجاز نے ایک، ایک گول سکور کیا۔
اپنے سے بہتر رینکنگ والی ٹیم کو شکست دینے سے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعتماد میں ضرور اضافہ ہوگا۔
اس طرح پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل یعنی بدھ کو کھیلا جائے گا۔