بھارتی اداکار امیتابھ بچن کو گذشتہ اتوار اس وقت ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے دن کے ساڑھے 11 بجے فیس بک پر ہندی میں لکھا: ’آپ کے لیے صبح بخیر۔‘
بس پھر کیا تھا، سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ٹرول کرنا شروع کر دیا۔ زیادہ تر نے خوش مزاجی کے ساتھ لیکن کچھ نے بدتمیزی کے ساتھ جواب دیے۔
امیتابھ بچن نے بھی اپنے باوقار انداز میں ان مداحوں کو جواب دیا، جنہوں نے کافی دیر سے صبح بخیر کہنے پر انہیں ٹرول کیا تھا۔
انہوں نے ہندی میں ہی طعنوں کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کس طرح رات دیر سے سونے کی وجہ سے انہوں نے صبح دیر سے سلام کیا۔
ایک نے طنزیہ انداز میں ہندی میں لکھا: ’کیا آپ کو نہیں لگتا کہ آپ نے بہت جلد گڈ مارننگ کی خواہش کی؟‘ جس پر امیتابھ نے جواب دیا: ’طنز کے لیے شکرگزار ہوں۔ رات بھر کام کرتا رہا اور دیر سے جاگا تو صبح بخیر کا پیغام بھیجا۔ اگر آپ کو تکلیف ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں۔‘
کسی نے غصے میں انہیں لکھا: ’ابے بڈھے دوپہر ہو گئی (بوڑھے آدمی، دوپہر ہے)۔‘
تاہم امیتابھ کے جواب نے مداحوں کے دل جیت لیے۔ انہوں نے لکھا: ’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ جب آپ بوڑھے ہو جائیں تو کوئی آپ کی توہین نہ کرے۔‘
مزید پڑھیے: جب امیتابھ بچن نے مکالمے کی بجائے شعر پڑھنے سے انکار کر دیا
کچھ لوگوں نے دیر سے جاگنے پر امیتابھ کا نہ صرف مذاق اڑایا بلکہ الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ ایک شخص نے لکھا کہ اداکار نے پچھلی رات دیسی شراب پی ہوگی، تو اس کا انہوں نے جواب دیا: ’میں نہیں پیتا، دوسروں کو مدھوشالا پلاؤ۔‘
مدھوشالا کی نظم امیتابھ کے والد معروف شاعر ہری ونش رائے بچن نے لکھی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بہت سے لوگوں نے توہین آمیز تبصروں کے خلاف امیتابھ کی حمایت کی۔ ایک نے لکھا: ’لوگ ایسے تبصرہ کر رہے ہیں جیسے وہ برہما مہورتھا (سورج طلوع ہونے سے ایک گھنٹہ 36 منٹ پہلے) جاگتے ہیں۔‘
بہت سے لوگوں نے اداکار کی، ان کے کام کی، اخلاقیات اور اس بات کی تعریف کی کہ وہ اس عمر میں بھی ساری رات کیسے کام کرتے ہیں۔
کام کے محاذ پر، امیتابھ کو آخری بار ’رن وے 34‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ان کے مستقبل کے پروجیکٹس میں فلم ’برہمسترا، تامل فلم یوارندا مانیتھن، کنڑ فلم بٹر فلائی‘ اور دیگر شامل ہیں۔