پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر نے منگل کو برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کے لیے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں کلین سوئپ کرنے والے قومی خواتین سکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔ یہی سکواڈ کامن ویلتھ گیمز سے قبل آئرلینڈ میں طے سہ فریقی خواتین کرکٹ سیریز میں بھی شرکت کرے گا۔
چیف سلیکٹر نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی مشاورت کے بعد سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان دونوں ایونٹس کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ کے علاوہ تین ریزرو کرکٹرز غلام فاطمہ، امِ ہانی اور صدف شمس بھی شامل ہیں۔
پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز 16 سے 24 جولائی تک بیلفاسٹ میں کھیلی جائے گی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اپنے تین میچز 29، 31 جولائی اور 3 اگست کو بالترتیب بارباڈوس، بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
اس سلسلے میں قومی خواتین کرکٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے 11 جولائی تک ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں لگایا جائے گا جبکہ سکواڈ 12 جولائی کو برطانیہ روانہ ہوجائے گا۔
چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف کامیابی کے بعد انہوں نےاگلی دونوں اسائنمنٹس کے لیے فاتح سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’نہ صرف سینیئر کھلاڑیوں بلکہ عمدہ صلاحیتوں کی حامل نوجوان کرکٹرز نے بھی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘
اسماویہ اقبال نے کہا کہ طوبیٰ حسن کا انٹرنیشنل ڈیبیو شاندار رہا، مستقبل میں ان کی لیگ سپن بولنگ ایک موثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے۔
ان کے مطابق: ’عائشہ نسیم نےبھی اپنی ہارڈ ہٹنگ صلاحیتوں کی بدولت سری لنکا ویمنز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آئرلینڈ میں شیڈول سہ فریقی سیریز اور برمنگھم کامن ویلتھ گیمز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے امتحان ہوں گے، انہیں یقین ظاہر کیا کہ قومی خواتین کرکٹرز ان کی توقعات پر پورا اترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
اُدھر پاکستان ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا کہ وہ کرکٹر بسمہ معروف کی فیملی کی گیم ویلج میں ٹھہرنے کی درخواست منظور کرنے پر کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ کی مشکور ہیں۔
اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمیمہ سہیل ، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن۔
پاکستان کے میچز:
بیلفاسٹ میں سہ فریقی سیریز:
16 جولائی - بمقابلہ آسٹریلیا
19 جولائی - بمقابلہ آئرلینڈ
23 جولائی - بمقابلہ آسٹریلیا
24 جولائی - بمقابلہ آئرلینڈ
برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز:
29 جولائی - بمقابلہ بارباڈوس
31 جولائی - بمقابلہ بھارت
3 اگست - بمقابلہ آسٹریلیا