یوکرین: رہائشی عمارت پر روسی راکٹ حملے میں چھ شہری ہلاک

دونیتسک کے گورنر نے کہا کہ تقریباً 12 ہزار آبادی والے قصبے چاسیو یار کو روسی فوج کے یوراگن راکٹوں نے نشانہ بنایا جو ٹرک سے چلنے والے پلیٹ فارم سے فائر کیے جاتے ہیں۔

روس نے اتوار کو مشرقی یوکرین میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو راکٹوں سے نشانہ بنایا، جس سے کم از کم چھ شہری ہلاک ہو گئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اتوار کو دونیتسک کے گورنر پاؤلو کیریلینکو کے حوالے سے بتایا کہ تازہ ترین حملہ چاسیو یار نامی قصبے میں کیا گیا جہاں ایک پانچ منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت تباہ ہوگئی۔

حکام نے اس حملے میں کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

گورنر پاؤلو نے مزید کہا کہ عمارت کے ملبے میں تقریباً تین درجن افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ امدادی کارکنوں کا ملبے تلے دبے دو افراد سے رابطہ ہوا ہے۔

گورنر نے کہا کہ تقریباً 12 ہزار آبادی والے اس قصبے کو روسی فوج کے یوراگن  راکٹوں نے نشانہ بنایا جو ٹرک سے چلنے والے پلیٹ فارم سے فائر کیے جاتے ہیں۔

عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قصبہ روسی افواج کا ایک بڑا ہدف ہو گا کیونکہ وہ مغرب کی طرف پسپائی اختیار کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونیتسک کا علاقہ لوہانسک کے ساتھ دو صوبوں میں سے ایک ہے جو دونبیس خطے میں واقع ہیں اور جہاں علیحدگی پسند باغی 2014 سے یوکرینی افواج سے لڑ رہے ہیں۔

روس نے گذشتہ ہفتے لوہانسک میں یوکرین کی مزاحمت کے آخری بڑے گڑھ لائسیچانسک شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گورنر پاؤلو نے اس حملے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

یوکرین کے صدر کے چیف آف سٹاف آندری یرماک نے ٹیلی گرام پوسٹ میں بتایا: ’یہ ایک اور دہشت گردانہ حملہ تھا جس کے نتیجے میں روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست کے طور پر نامزد کیا جانا چاہیے۔‘

دو امریکی سینیٹرز نے بھی اسی طرح کا ایک بل پیش کیا ہے جس میں روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست کے طور پر نامزد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ان سینیٹرز کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعرات کو کیئف کے دورے کے دوران اس تجویز پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔

دوسری جانب روس کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو غیر مسلح کرنے کے لیے ’خصوصی فوجی آپریشن‘ کر رہا ہے جبکہ ماسکو عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی بھی تردید کرتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا