نیو میکسیکو: پاکستانی سمیت تین مسلمان قتل، ممکنہ تعلق کی تلاش

پولیس افسر ہارٹ سوک نے کہا: ’تینوں وارداتوں میں کوئی وارننگ دیے بغیر مرنے والوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، گولی چلائی گئی اور مار دیا گیا۔‘

البوکرکی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مقامی تفتیش کار اور قانون نافذ کرنے والے وفاقی حکام الگ الگ کیے گئے جرائم کے درمیان ممکنہ تعلق تلاش کر رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نیو میکسیکو کے سب سے بڑے شہر ایلبکرکی کی پولیس اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا گذشتہ نو ماہ کے دوران پاکستانی سمیت تین مسلمانوں کے قتل کے واقعات میں آپس میں کوئی تعلق تو نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایلبکرکی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مقامی تفتیش کار اور قانون نافذ کرنے والے وفاقی حکام الگ الگ کیے گئے جرائم کے درمیان ممکنہ تعلق تلاش کر رہے ہیں۔

27 سالہ محمد افضال حسین اور 41 سالہ آفتاب حسین کو گذشتہ ہفتے قتل کیا گیا تھا، جو دونوں ایک ہی مسجد میں نماز پڑھتے تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے محمد افضال حسین، ایسپانولا شہر کے پلاننگ ڈائریکٹر تھے، جنہیں پیر کو ایلبکرکی میں ان کے اپارٹمنٹ کمپلیکس کے باہر گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔

اسی طرح ایلبکرکی کی افغان کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ آفتاب حسین کی لاش 26 جولائی کو شہر کے انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کے قریب ملی تھی، انہیں بھی گولی ماری گئی تھی۔

تیسرے واقعے میں گذشتہ نومبر میں 62 سالہ محمد احمدی کو ہلاک کیا گیا تھا، جن کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے، تاہم ان کی قومیت واضح نہیں ہے۔

اے پی کے مطابق نائب پولیس کمانڈر نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی نسل اور مذہب کے لوگ شامل ہیں۔‘

نیو میکسیو کے اسلام سینٹر کے سامنے پریس کانفرنس میں پولیس افسر نے کہا: ’ہم اسے بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ ہم اس بزدل شخص کی شناخت میں عوام سے مدد چاہتے ہیں۔‘

صوبائی گورنر،  ایلبکرکی کے میئر اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسل یا مذہب کی بنیاد پر کسی برادری کے لوگوں کے خلاف تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب پولیس افسر ہارٹ سوک کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اور مقصد کے تعین تک حکام یہ نہیں کہہ سکتے کہ آیا گولی مارنے کے واقعات نفرت کی بنیاد پر کیے جانے والے جرائم ہیں یا ان کا کوئی اور مقصد تھا۔

مسلمانوں کے قتل کی یہ وارداتیں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب ایلبکرکی میں ایک اور سال کے دوران قتل کے ریکارڈ واقعات ہوچکے ہیں۔

امریکن اسلامک تعلقات کونسل نے جمعے کو فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی ان ہلاکتوں میں ملوث شخص کی گرفتاری اور سزا کے لیے معلومات کی فراہمی پر پانچ ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا۔

یہ کونسل مسلمانوں کے شہری حقوق اور ان کی نمائندگی کرنے والی میکسیکو کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ کونسل کے ڈائریکٹر نہاد عوض کا کہنا تھا: ’تعصب کا پتہ چل جانے کی صورت میں ریاست اور وفاقی حکام کو نفرت پر مبنی جرائم سے متعلق الزامات عائد کر نے چاہییں۔‘

قتل کے یہ دو حالیہ واقعات جنوب مشرقی ایلبکرکی میں ہوئے، جبکہ محمد احمدی کو نومبر میں ان کے حلال کیفے اور مارکیٹ کے عقب میں ہلاک کیا گیا، جس کے وہ اپنے بھائی کے ساتھ شریک مالک تھے۔

ہارٹ سوک کا کہنا تھا: ’تینوں وارداتوں میں کوئی وارننگ دیے بغیر مرنے والوں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا، گولی چلائی گئی اور مار دیا گیا۔‘

ایلبکرکی جرنل کے مطابق نیو میکسیکو میں اسلامک سینٹر کے صدر احمد اسد نے کہا کہ وہ یہ ماننے کے لیے تیار نہیں کہ ہلاک ہونے والے تینوں لوگ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

ان کا کہنا تھا: ’گولی مارنے کے تینوں واقعات کے معاملے میں جس رویے کا مظاہرہ کیا گیا، برادری کو واقعی اس کی سنگینی کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’اگر یہ درست ہے کہ ہمیں مسلمان ہونے کی بنا پر ہدف بنایا گیا تو اس صورت میں ہمیں اپنی حفاظت کے لیے ہوشیار رہنے اور احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنی ہو گی۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا