کامن ویلتھ گیمز: ’چائے پینے کا بہانہ‘ کرکے دو پاکستانی باکسر غائب

کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے کے لیے باکسنگ ٹیم کے چار آفیشلز اور پانچ کھلاڑی برطانیہ گئے تھے جن میں ایک خاتون باکسر بھی شامل تھیں۔

حکام کے مطابق پاکستانی باکسر سلمان بلوچ (دائیں جانب) اور نذیراللہ (بائیں جانب) پاسپورٹ لیے بغیر ہوٹل سے غائب ہوئے (تصویر: صحافی ابوبکر)

کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لیے برطانیہ کے شہر برمنگھم جانے والے پاکستانی دستے میں سے دو باکسر غائب ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پاکستان کی باکسنگ ٹیم میں شامل سلمان بلوچ اور نذیراللہ، پاسپورٹ لیے بغیر ہوٹل سے غائب ہوئے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری، کرنل (ریٹائرڈ) ناصر تنگ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’یہ دونوں باکسر پاکستان واپسی سے دو گھنٹے قبل چائے پینے کا بہانہ کر کے ہوٹل سے غائب ہوئے۔ پاکستانی باکسروں کی گمشدگی حیران کن ہے۔ متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔‘

ناصر تنگ نے بتایا کہ بقیہ باکسنگ ٹیم برطانیہ سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

فیڈریشن کے سیکرٹری نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم نے پاکستانی قونصل خانے اور وہاں کی پولیس کو بھی اطلاع دے دی ہے۔ امید ہے کہ انہیں جلد پکڑ لیا جائے گا اور اس کے بعد جو بھی قانونی کارروائی کرنی ہوگی، وہ ہم کریں گے۔‘

کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے کے لیے چار آفیشلز اور پانچ باکسر برطانیہ گئے تھے جن میں ایک خاتون باکسر بھی شامل تھیں۔

برمنگھم میں قیام کے دوران نذیراللہ اور سلمان بلوچ نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے ظہرانے میں بھی شرکت کی تھی۔ باکسنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کوئی نمایاں پوزیشن حاصل نہیں کی۔

اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز کے لیے برمنگھم جانے والے سری لنکا کے دستے کے دس اراکین غائب ہوئے تھے جن میں نو ایتھلیٹ اور ایک مینیجر شامل تھے۔

جون 2022 میں تیراکی کی عالمی چیمپیئن شپ کے لیے ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ جانے والے پاکستانی تیراک فیضان اکبر بھی غائب ہو گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل