مشرق وسطیٰ سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع: پاکستان

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا ہے کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے جبکہ یو اے ای دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نو جون، 2022 کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے دوست ممالک نے پاکستان میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر انتہائی کامیاب رہا جیسا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں تین ارب ڈٓالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔‘

وزیر خزانہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بھی پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس طرح مشرق وسطیٰ کے دوست ممالک سے پاکستان میں مجموعی طور پر پانچ ارب ڈالر کا فوری سرمایہ آ رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بھی جلد پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا جس سے ملکی معیشت کو مزید سہارا ملے گا۔
 
قطر کی جانب سے سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قطر پاکستان کے ایئرپورٹس کو طویل مدتی لیز پر لینے کا خواہش مند ہے۔
 
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دوحہ حکومت پاکستان میں سولر پراجیکٹس اور ایل این جی پلانٹس میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔
 
نیویارک میں پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی قطر کو فروخت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کا روز ویلٹ ہوٹل فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط کا ہدف پورا کر لیا ہے اور امید ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ جلد پاکستان کو قرض کی قسط فراہم کر دے گا جس سے ملکی معیشت مزید بہتر اور روپے پر دباؤ مزید کم ہو جائے گا۔
 
ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اگست کے بلوں میں آنے والے فیول ایڈجیسمنٹ چارجز مئی کے مہینے کے ہیں کیوں کہ مئی اور جون میں ریکارڈ گرمی پڑی تھی جس کی وجہ سے طلب سپلائی سے بڑھ گئی تھی اور ان دو مہینوں
میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی پیدا کرنا پڑی۔
 
ان کے بقول مئی میں بجلی کی طلب 30 ہزار میگا واٹ جب کہ پیداوار 25 ہزار میگا واٹ تھی۔
 
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ان کی اتحادی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بجلی کی قیمت میں محض سات روپے پی یونٹ ہی اضافہ کیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ سے پریشان ہیں اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دو سو یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر فیول ایڈجیسٹمنٹ چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔
 
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے اس ریلیف سے 56 فیصد بجلی  صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
 
وزیر خزانہ نے کہا کہ 200 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو بل کی درستگی کے لیے واپڈٓا کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
 
دوسری جانب حمب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافہ کر کے آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے۔
whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت