پاکستانی ٹیم ون مین سکواڈ نہیں: بابر اعظم

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس ’معیاری کرکٹرز ہیں اور ان کا سکواڈ میچ ونر کھلاڑیوں سے بھرا ہے، جو شاہین آفریدی کی غیر موجودگی میں اضافی ذمہ داری اٹھائے گا۔‘

بابر اعظم دبئی میں انڈیا کے خلاف میچ سے قبل پریکٹس کرتے ہوئے (تصویر: پی سی بی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا سے ہونے والے مقابلے سے پہلے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ’ون مین سکواڈ‘ نہیں ہے بلکہ ٹیم کا ہر رکن میچ ونر ہے۔

سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے والے ایشیا کپ کے گروپ اے کی ہیوی ویٹ پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 28 اگست کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔

تاہم دونوں ٹیمیں انجریز کے مسائل سے دوچار ہیں۔ پاکستان اتوار کو شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر کے بغیر میدان میں اترے گا اور دوسری طرف انڈیا اپنے تیز گیند باز جسپریت بمرا اور ہرشل پٹیل کے بغیر کھیلے گا۔

پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس ’معیاری کرکٹرز ہیں اور ان کا سکواڈ میچ ونر کھلاڑیوں سے بھرا ہے، جو شاہین آفریدی کی غیر موجودگی میں اضافی ذمہ داری اٹھائے گا۔‘

انہوں نے کہا: ’2021 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہم نے پہلے ہی یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم ون مین ٹیم نہیں ہیں۔ ورلڈ کپ کے پانچ لیگ میچوں میں ہمارے پانچ مختلف کھلاڑی پلیئر آف دی میچ تھے۔‘

شاہین آفریدی نے گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی انڈیا کے خلاف جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، جنہوں نے روہت شرما، کے ایل راہول اور وریراٹ کوہلی کی تین اہم وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ یہ تینوں بلے باز ایشیا کپ میں بھی انڈیا کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

بابر اعظم نے اس حوالے سے کہا کہ گذشتہ سال کے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی جیت صرف ایک اچھے حوالے کے طور پر کام کرے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس (بھارت کے خلاف 2021 کی فتح) کو محض مثبت طور پر سوچ سکتے ہیں لیکن اتوار کو ہونے والا میچ اور بعد میں ہونے والے کوئی بھی دوسرے میچ نئے فکسچر ہوں گے جو کہ نئے حالات میں کھیلے جائیں گے۔‘

پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ دونوں ممالک میں زبردست جوش و خروش ہے لیکن ہمارے لیے یہ ایک نیا کھیل ہے۔ ہماری تیاریاں شاندار ہیں اور ہم اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘

ان کے بقول: ’میرا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ آپ کو پاکستان کے لیے کھیلنے اور پرفارم کرنے کے لیے کسی اضافی حوصلہ افزائی کی ضرورت نہیں ہے۔ عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا بذات خود ایک بہت بڑا اعزاز اور فخر ہے اور اس کا مقصد ہمیشہ ملک کا سر فخر سے بلند کرنا ہوتا ہے۔‘

انڈین کھلاڑیوں کی پاکستانی سکواڈ کے کئی ارکان سے بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’جمعرات کے تربیتی سیشن کے دوران (بھارتی کھلاڑیوں نے) جس طرح سے شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اظہار کیا اس سے میں واقعی متاثر ہوا۔‘

’دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے والے مناظر بھی دل کو چھونے والے تھے، جو ہمارے درمیان موجود احترام اور دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔ لیکن میچ کے دن، سب کچھ ایک طرف رکھا جائے گا اور دونوں طرف کے کھلاڑی دوسرے کو زیر کرنے کی کوشش میں میدان میں اتریں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ