پاکستان کے 22 سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے لاہور سے ایک بیان کے مطابق محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں یوکے میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
وہ نیدرلینڈز ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں شامل عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گا۔
سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔
محمد حسنین کا رواں برس بگ بیش لیگ میں بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد بائیو مکینک لیب میں کرائے گئے ٹیسٹ میں ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار پایا تھا اور بولنگ ایکشن درست ہونے تک ان پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز نے ان کے بولنگ ایکشن پر کام کرتے ہو ئے اسے ری ماڈل کیا جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی ممکن ہوئی ہے۔