آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ کسی ملک، گروہ یا فورس کو ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہفتے کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا: ’پیغام بہت واضح ہے۔ مسلح افواج عوام کے ساتھ مل کر کسی ملک، گروہ یا فورس کو پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔‘
اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی فوج کی ملک و قوم کے لیے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی فوج نے گذشتہ دو دہائیوں میں قوم کی حمایت اور اعتماد کی بدولت اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ منظم دہشت گردی کو پاکستان سے ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔‘
پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے امن و سلامتی کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بقول جنرل قمر جاوید باجوہ: ’ہمارے بنیادی مفادات اور وطن عزیز کے دفاع کے حوالے سے ہمارے اجتماعی عزم کے بارے میں کسی کو بھی کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔‘
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیائی خطے کے لوگ بھی باقی دنیا کی طرح خوشحالی اور بہتر حالات زندگی کے مستحق ہیں، تاہم یہ صرف پائیدار اقتصادی ترقی اور دیرپا امن کی بدولت ہی ممکن ہے۔
اپنی تقریر کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خودمختاری اور ملک کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہزاروں بہادر بیٹوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی تاکہ ہم اس مقام تک پہنچنے کے قابل ہوسکیں جہاں ہم آج کھڑے ہیں۔‘
جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس پر جمہوری اداروں کا احترام کرنے اور فیک نیوز پر توجہ دینے پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا: ’آپ کو ملک کے خلاف ہر طرح کی سازشوں کا جواب دینے اور انہیں شکست دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘