ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مداحوں کو اسی جانی پہچانی صورتِ حال کا سامنا ہے، اور وہ یہ ہے کہ صرف یہ دعا نہیں کرنی کہ اپنی ٹیم جیتے، بلکہ یہ ساتھ ہی ساتھ دعا بھی کرنی ہے کہ فلاں ٹیم فلاں سے ہارے اور فلاں فلاں سے جیتے۔
پاکستان میں ایک بار پھر سر جوڑ کر کسی کے ہارنے اور کسی کے جیتنے کی دعائیں کرنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ ایسا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے سے ہارنے اور ’نقلی مسٹر بین بھیجنے‘ کی وجہ سے ہوا ہے۔
پاکستان اس میچ سے قبل آسٹریلیا میں ایک بھی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں جیت پایا تھا، یہ جانتے ہوئے بھی سب نے امید لگائے رکھی کہ زمبابوے سے تو جیت ہی جائیں گے۔۔۔ اور پاکستان نے بھی مایوس نہیں کیا اور آسٹریلیا میں اپنا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے زمبابوے سے بھی ہار گیا۔
اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 کی صورت حال پاکستان کے لیے تو مایوس کن ہے ہی لیکن ساتھ ہی ساتھ دیگر ٹیموں کے لیے بھی بےحد دلچسپ ہو گئی ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے کیا کرنا ہو گا؟ اس کا سادہ سا ایک جواب تو یہ ہے کہ پہلے تو بقیہ تمام میچ جیتنے ہوں گے۔
نہیں نہیں۔۔۔ سب سے پہلے پاکستانیوں کو انڈیا کے جیتنے کی دعا کرنا ہو گی۔
حساب کچھ ایسا ہے کہ جنوبی افریقہ اپنے دونوں میچ یعنی پہلے انڈیا سے ہارے اور پھر پاکستان سے ہارے، اور پاکستان باقی کے دو میچ بھی جیتے تو اس کے پوائنٹس ہو جائیں گے چھ۔ اس طرح پاکستان کوالیفائی کر سکتا ہے، لیکن۔۔۔۔۔
دوسری طرف زمبابوے کے اس وقت تین پوائنٹس ہیں اور اس کے تین میچ ابھی باقی ہیں، جہاں اس کا مقابلہ انڈیا، نیدر لینڈز اور بنگلہ دیش سے ہو گا۔
اگر زمبابوے ان تین میں سے دو میچ بھی جیت جاتا ہے تو اس کے سات پوائنٹس ہو جائیں گے۔ ایسے میں ایک بار پھر پاکستان کا کوالیفائی کرنا مشکل ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ ایک اور ٹیم بھی ہے جو اسی گروپ سے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے، اور وہ ہے بنگلہ دیش۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش کے دو میچوں میں دو پوائنٹس ہیں، اس نے پاکستان، انڈیا اور زمبابوے کا مقابلہ کرنا ہے۔
اگر بنگلہ دیش اپنے تینوں میچز جیت جاتا ہے تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر۔ اگر دو میچ جیت لیتا ہے تو تب بھی پاکستان مشکل میں پڑ سکتا ہے۔
یہی نہیں اسی گروپ کے ٹاپ پر موجود انڈیا اگر، اگر اپنے تمام میچز ہار جاتا ہے تو تب پھر سے ایک نئی صورت حال سامنے آ سکتی ہے۔
اس گروپ کی ہر ٹیم کی ہار جیت کو دیکھتے ہوئے میرے تو سر میں درد ہونے لگا ہے اور ابھی تو بارش ہونے کی صورت میں کیا ہو گا اس پر تو بالکل سوچا ہی نہیں۔
اب پاکستانی مداحوں کو کیا کرنا چاہیے یہ ایک مشکل سوال ہے۔۔۔ کیا وہ انڈیا کی جیت کی دعائیں کریں یا پھر انڈیا کے ہارنے کی دعا کریں۔ ہاں لیکن ان تمام دعاؤں میں پاکستان کے جیتنے کی دعائیں کرنا کہیں بھول نہ جائیں۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 1 کو دیکھیں، بلکہ اسے تو بالکل ہی نہ دیکھیں۔۔ کیونکہ وہاں اس وقت صرف بارش ہی کھیل رہی ہے اور بارش ہی جیت رہی ہے۔