چینی شہری نے بیٹی کا ’انتقام‘ لینے کے لیے زندہ کیکڑا کھا لیا

39 سالہ شخص کو کمر میں شدید درد کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا، جہاں میڈیکل رپورٹس میں ان کے سینے، پیٹ، جگر اور نظام انہضام میں پیتھالوجی کے حساب سے تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

چین میں کیکڑے کھانا عام ہے اور کیکڑے کی ڈشز عام طور پر پکا کر کھائی جاتی ہیں تاہم کچھ علاقوں میں اسے میرینیٹ کرکے کچا بھی کھایا جاتا ہے (پیکسلز)

ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ایک شخص بیٹی کو کاٹنے والے کیکڑے سے انتقام لینے کے لیے اسے زندہ کھانے کے بعد شدید بیمار پڑ گیا۔

چینی اخبار ’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے مشرقی ساحلی صوبے میں پیش آیا، جہاں  ڈاکٹروں نے بتایا کہ لو نامی 39 سالہ شخص نے ایک چھوٹے سائز کا سالم کیکڑا نگل لیا اور جس کے دو ماہ بعد انہیں کمر میں شدید درد کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔

لو کی میڈیکل رپورٹس میں ان کے سینے، پیٹ، جگر اور نظام انہضام میں پیتھالوجی کے حساب سے تبدیلیاں دیکھی گئیں لیکن طبی ماہرین صحیح وجہ کی نشاندہی کرنے سے قاصر تھے۔

صوبہ ژجیانگ کے شہر ہانگژو کے سر رن رن شا ہسپتال میں نظام انہضام کے شعبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ساؤ چیان نے کہا: ’ہم نے بار بار ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے کوئی غیر معمولی چیز کھائی ہے، جو الرجی کا باعث ہو سکتی ہو لیکن ان کا جواب نفی میں تھا۔‘

ان کی بیوی کی جانب سے اس بات کا تذکرہ کرنے کے بعد ہی کہ انہوں نے ’کچھ خاص‘ کھایا تھا، لو نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کیکڑے کو زندہ کھا کر اس سے انتقام لیا تھا۔

ڈاکٹر نے کہا: ’میں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے زندہ کیکڑا کیوں کھایا؟ جس پر لو نے بتایا کہ میں اپنی بیٹی کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔‘

ڈاکٹر نے مزید کہا کہ اس شخص کی بیٹی کو ایک چھوٹے کیکڑے نے اس وقت کاٹا تھا جب وہ پانی کی ندی کو عبور کر رہے تھے اور اس کے بعد وہ غصے میں آگئے۔

خون کے مزید ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ لو کو کم از کم تین پیراسائٹک انفیکشن تھے، جو کچا گوشت کھانے سے ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگرچہ کیکڑا کھانے والا یہ شخص صحت یاب تو ہو گیا ہے تاہم ڈاکٹروں نے دیگر لوگوں کو زندہ کیکڑے کھانے سے خبردار کیا ہے۔

چین میں کیکڑے کھانا عام ہے۔ کیکڑے کی ڈشز عام طور پر پکا کر کھائی جاتی ہیں جب کہ کچے یا میرینیٹ کیے ہوئے کیکڑوں کی سروس مشرقی چین بشمول شنگھائی، ژی جیانگ اور جیانگ سو صوبوں میں عام ہے۔

’ڈرنکن کریبز‘ (Drunken Grabs) نامی ڈش کا آغاز مشرقی چین سے ہوا جہاں کیکڑوں کو شراب سے میرینیٹ کیا جاتا ہے اور مصالحوں کے ساتھ کچا ہی پیش کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر ساؤ چیان نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ اسے میرینیٹ کرکے کھایا جائے کیونکہ الکوحل کچھ پیراسائٹس کو مار سکتا ہے لیکن یہ 100 فیصد محفوظ نہیں ہے۔

2020 میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں ہانگژو صوبے میں ہی ایک خاتون نے 30 کچے کیکڑوں کو کھایا تھا، جس کے بعد ان کے جسم میں چھ پیراسائٹس کی تشخیص ہوئی تھی۔

خاتون کے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہو گیا تھا کیوں کہ انہیں تین درجن کیکڑے کھانے کے چھ ماہ بعد سانس کی تکلیف ہو گئی تھی۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا