شاہین آفریدی کی انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک

ڈاکٹروں نے شاہین کو گھٹنے میں تکلیف کے بعد صحت یاب ہونے کے لیے دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کی ہے۔

میلبرن، 13 نومبر، 2022: شاہین آفریدی انگلینڈ کے ہیری بروک کو آؤٹ کرنے کے بعد گھٹنے میں تکلیف کے باعث گراؤنڈ میں گر گئے تھے (اے ایف پی)

انجری کے باعث پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے دستیابی مشکوک ہو گئی ہے۔

ڈاکٹروں نے انہیں گھٹنے میں تکلیف کے بعد صحت یاب ہونے کے لیے دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کی ہے۔ وہ اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں گھٹنے میں تکلیف کے باعث میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ اوراپنے چار اورز مکمل نہیں کروا سکے تھے۔ پاکستانی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کے دائیں گھٹنے کے سکین سے کوئی انجری سامنے نہیں آئی اور ممکن ہے کہ ان کی تکلیف کا سبب ہیری بروک کو آؤٹ کرنے کے بعد زمین پر گرنے سے گھٹنے کا بری طرح ’مڑ جانا‘ ہو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’شاہین بحالی اور کنڈیشننگ کے پروگرام سے گزریں گے جو ان کے گھٹنے کی مضبوطی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔‘ بورڈ نے مزید کہا کہ اس عمل میں کم از کم دو ہفتے لگیں گے۔

پی سی بی کے بیان کے مطابق: ’شاہین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی چیمپیئن فاسٹ بولر کی بحالی پروگرام کی کامیابی کے ساتھ تکمیل اور اس کے بعد ڈاکٹروں کی اجازت سے مشروط ہو گی۔‘

شاہین جو سال کے شروع میں اسی دائیں گھٹنے کی چوٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے کئی مہینے تک کھیل نہیں پائے تھے انہیں ٹیسٹ کرکٹ کی سختیوں کے مقابلے سے پہلے میچ فٹنس میں واپس آنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر کو راولپنڈی میں ہو گا۔ اس کے بعد نو سے 13 دسمبر تک ملتان اور 17 سے 21 دسمبر تک کراچی میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

شاہین گذشتہ تین سال سے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کے پریمیئر بولر ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 99، ایک روزہ میچوں میں 66 اور ٹی ٹوئنٹی میں 58 وکٹیں لے چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ