ہالی وڈ میں بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی جوڑی ہو یا بالی وڈ میں شاہ رخ خان اور کاجول کی آن سکرین کیمسٹری، شائقین لاشعوری طور پر ان فنکاروں کو بار بار نئے کرداروں میں ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ حال ہمارے ٹی وی ڈراموں کا بھی ہے جن کو نہ صرف پاکستان، بھارت اور مشرق وسطیٰ بلکہ دنیا بھر میں جہاں جہاں اردو زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے، سراہا جاتا ہے۔
پاکستانی ڈراموں میں بھی بعض جوڑیوں نے شہرت کی وہ بلندیاں چھو لی ہیں کہ عوام ان کو دوبارہ اپنی ٹی وی سکرینز پر ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے قرار رہتے ہیں۔
ہم ایسے ہی کچھ آن سکرین جوڑوں پر نظر ڈالتے ہیں جن کے کرداروں نے آج تک شائقین کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے اور وہ دوبارہ ان کو نئے پراجیکٹس میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان
دورِ حاضر کے سب سے معروف ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ کی سپر ہٹ جوڑی حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کی آن سکرین کیمسٹری اتنی مشہور ہوئی کہ اکثر لوگ آج تک ان کے اصل ناموں کی بجائے ان کی کرداروں یعنی افضل سبحان اللہ اور فرح ابراہیم کے ناموں سے پہچانتے ہیں۔
’اے آر وائے‘ سے نشر ہونے والے اس ڈرامے نے لکس سٹائل ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈز حاصل کیے۔ اگرچہ حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان کبھی دوبارہ اکھٹے کسی ڈرامے میں جلوہ گر نہیں ہوئے لیکن شائقین آج بھی اس جوڑی کو نئے روپ میں دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔
فواد خان اور ماہرہ خان
’ہمسفر‘ وہ ڈرامہ سیریل تھا جس نے پاکستانی ڈرامے کے تابناک ماضی کی یاد تازہ کر دی تھی۔ پی ٹی وی کے کلاسیکل ڈراموں کے بعد شاید یہ پہلا ڈرامہ تھا جس کے آن ایئر ہوتے ہی سٹرکیں ویران ہوجاتی تھیں۔
فواد خان اور ماہرہ کی جوڑی کو نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھارت میں بھی سراہا گیا۔ اسی ڈرامے کی وجہ سے ان فنکاروں کے لیے بالی وڈ کے دروازے بھی کھل گئے تھے۔
احد رضا میر اور سجل علی
کسی کو یقین نہیں تھا کہ ’یقین کا سفر‘ ڈرامے سے شروع ہونے والا یہ سفر حقیقت کی دنیا میں بھی دونوں اداکاروں کو ایک دوسرے کے قریب کر دے گا۔
احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی جتنی ڈرامے میں رومانوی نظر آتی ہے یہ حقیقی زندگی میں بھی اتنی ہی پرکشش ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے گذشتہ ماہ اپنی منگنی کا اعلان کیا۔
’یقین کا سفر‘ کے علاوہ اس جوڑی نے اب تک کئی ڈراموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں ’ہم ٹی وی‘ پر نشر ہونے والا سیریل ’آنگن‘ بھی شامل ہے۔
ہمایوں سعید اور مہوش حیات
اس جوڑی کی کیمسٹری نے نہ صرف ٹی وی سکرین پر بلکہ سنیما کے پردے پر بھی شائقین کے دل موہ لیے ہیں۔
2015 میں سپر ہٹ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں اس جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔ اس سے اگلے سال یعنی 2016 میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات ایک بار پھر اکھٹے نظر آئے مگر اس بار سکرین چھوٹی تھی۔
ندیم بیگ کی ہدایات میں بننے والے ڈرامہ سیریل ’دل لگی‘ میں اس جوڑی کی کیمسٹری نے ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا۔
اس کے بعد یہ جوڑی ایک بار پھر سلور سکرین پر جلوہ گر ہوئی۔ فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی کھڑکی توڑ کامیابی کا سبب اس جوڑی کے درمیان رومانوی پہلو ہی تھا۔
عثمان خالد بٹ اور مایا علی
کامیڈی رومانوی ڈرامہ ’عون زارا‘ میں عثمان خالد بٹ اور مایا علی کی جوڑی کو بھی خوب پذیرائی ملی۔
اس ڈرامے میں عثمان خالد بٹ اور مایا علی کی جوڑی نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بھارت میں بھی کروڑوں شائقین کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا جہاں اسے ’زی زندگی‘ چینل سے نشر کیا گیا تھا۔
نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی شائقین نے بھی سوشل میڈیا پر عثمان خالد بٹ اور مایا علی کو ایک ساتھ پھر پیش کرنے کے لیے مہم چلائی تھی۔