قطر میں ارجنٹائن کی ’وکٹری پریڈ‘ پر فیفا ورلڈ کپ کا اختتام

ارجنٹائن کی فاتح ٹیم کا پیر 19 دسمبر کو وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے جہاں سے ایک بار پھر جشن کا سلسلہ شروع ہو گا۔

قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کا ارجنٹائن کی فتح کے بعد دوحہ کی سڑکوں پر وکٹری پریڈ پر اختتام ہو گیا ہے۔

ارجنٹائن نے ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر 36 سال بعد عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جس کے بعد پوری ٹیم نے پیر کی صبح دوحہ کی سڑکوں پر مداحوں کی موجودگی میں فتح کا جشن منایا۔

فرانس کو شکست دینے کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو لوسیل سٹیڈیم کے باہر موجود شائقین کی بڑی تعداد نے ایک بس پر دیکھا۔ ان کھلاڑیوں نے ہاتھوں میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھا رکھی تھی۔

ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے اس موقع پر لوسیل بلیوارڈ پر قطر کے قومی دن کی مناسبت سے ہونے والے جشن میں بھی شرکت۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ارجنٹائن کی فاتح ٹیم کا پیر 19 دسمبر کو وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے جہاں سے ایک بار پھر جشن کا سلسلہ شروع ہو گا۔

ارجنٹائن کی فتح کا دنیا بھر میں جشن منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہزاروں کی تعداد میں مداح سڑکوں پر نکل آئے جو ’میسی، میسی‘ کے بعرے بلند کر رہے تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

میسی کی قیادت میں کھیلنے والی ارجنٹائن کی ٹیم نے فرانس کو فائنل میں پینلٹی شوٹ آؤٹ پر دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

دونوں ہی ٹیموں نے بھرپور مقابلہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ میں ارجنٹائن کو دو گول کی برتری حاصل تھی مگر مقررہ وقت ختم ہونے سے صرف پانچ منٹ قبل ہی فرانس نے امباپے کے دو گول کی مدد سے مقابلہ برابر کر دیا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں نے اضافی وقت میں ایک، ایک گول کیا اور میچ کو پینلٹی شوٹ آؤٹ کی جانب لے گئے۔

اس مقابلے کو لوسیل سٹیڈیم میں موجود تقریباً 89000 شائقین نے دیکھا جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ شاندار مقابلہ بڑی سکرینوں پر بھی دیکھا۔

فائنل کے بعد دنیا بھر سے فٹ بال مداحوں اور سربراہان مملکت کی جانب سے قطر کو ’شاندار‘ ورلڈ کپ کروانے اور ارجنٹائن کو فتح پر مبارک باد کے پیغامات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔

ارجنٹائن کے صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’ہم دنیا کے چیمپیئن ہیں۔‘

پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ورلڈ کپ فائنل کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’شاندار ورلڈ کپ۔ مبارک ہو ارجنٹائن فٹ بال میں عالمی چیمپئن بن گیا۔ میسی کے شاندار گول۔ اچھا کھیلا فرانس نے دو بار پیچھے رہ کر پھر برابر آیا۔ Mbappe کی ہیٹ ٹرک لوگوں کو ہمیشہ یاد رہے گی۔‘

عارف علوی نے قطر کے حوالے سے لکھا: ’دوست ملک قطر کو ورلڈ کپ 2022، بغیر کسی مسئلہ کے انعقاد پر مبارکباد بھی دینا چاہتا ہوں۔‘ 

اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم نے کہا: ’فیفا ورلڈ کپ کا کیا ہی سنسنی خیز اختتام ہوا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’قطر کو میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد کروانے پر مبارک باد۔ میرے لیے سعودی عرب کا اپ سیٹ اور مراکش ٹورنامنٹ کے اہم لمحات رہیں گے۔‘

ارجنٹائن کی فتح پر خود لیونل میسی کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے کریئر کا اختتام ایسے ہی کرنا چاہتا تھا۔ مجھے اس زیادہ کچھ نہیں چاہیے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لیونل میسی کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ ’میرا کریئر ختم ہو رہا ہے کیونکہ یہ میرے آخری سال ہیں۔ اس کے بعد اور ہو بھی کیا سکتا ہے؟‘

’سب سے بڑے‘ ورلڈ کپ کی تیاری

قطر میں فٹ بال ورلڈ کے کپ کے اختتام کے بعد اب فٹ بال شائقین کو ’سب سے بڑے‘ ورلڈ کپ کا انتظار جس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔

2026 میں ہونے والے اگلے فٹ بال ورلڈ کپ میں 32 کے بجائے 48 ٹیمیں شریک ہوں گی جب کہ اس میں ممکنہ طور پر 100 سے زائد مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار دنیا کے تین ممالک بیک وقت ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے جن میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال