تھائی لینڈ میں پولیس نے ٹریفک قوانین کی بدترین خلاف ورزیوں کی ’بہترین‘ ویڈیوز شیئر کرنے پر تقریباً 10 ہزار بھات (مقامی کرنسی) کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
تھائی پولیس نے بدھ کو نئے سال کے موقعے پر اپنی سالانہ سات روزہ روڈ سیفٹی مہم کا آغاز کیا۔
پولیس کی جانب سے نقد انعامات کا مقصد تھائی لینڈ میں روڈ سیفٹی کو فروغ دینا ہے جہاں گذشتہ سال 29 دسمبر سے چار جنوری کے درمیان ملک بھر میں دو ہزار 707 سڑک حادثات میں 333 افراد ہلاک اور 2672 زخمی ہوئے۔
تھائی لینڈ میں ہر سال اوسطاً 22 ہزار افراد روڈ ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔
قومی پولیس کے سربراہ ڈامرونگساک کٹی پراپاس نے مہم کا آغاز کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ نئے سال کے دوران تقریباً 73 لاکھ گاڑیوں کے سڑکوں پر سفر کرنے کی توقع ہے۔
کٹی پراپاس نے مزید کہا کہ یہ سینٹر 29 دسمبر سے چار جنوری تک روڈ سیفٹی مہم کا انتظام کرے گا، جس کے دوران ٹریفک قوانین کو سختی سے نافذ کرنے کے لیے تقریباً 50 ہزار پولیس اہلکاروں کو ملک بھر میں تعینات کیا جائے گا۔
پولیس چیف نے کہا کہ ان سات دنوں کے دوران بدھ اور جمعرات کو بنکاک سے لوگوں کا شہر سے باہر نکلنا عروج پر ہوگا اور واپسی کا سفر اگلے پیر اور منگل کو اپنی بلند ترین سطح پر ہونے چاہییں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ پولیس سختی سے رفتار کی حد کو نافذ کرے گی اور شراب کے زیر اثر ڈرائیوروں کو گرفتار کرے گی جب کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور گاڑیوں میں سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس چیف نے مزید کہا کہ تھائی لینڈ میں ٹریفک حادثات کی سب سے عام وجہ تیز رفتاری اور شراب پی کر گاڑی چلانا ہے۔
29 دسمبر سے چار جنوری تک کے سات دنوں کے دوران پولیس نے لوگوں سے ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیوز جمع کروانے کو کہا ہے، جس کے بعد حکام سات بہترین ویڈیوز کا انتخاب کریں گے اور ہر ایک کو 10 ہزار بھات کا انعام ملے گا۔
تاہم اس مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقید ہو رہی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ تھائی پولیس کے اقدام سے کچھ لوگ جان بوجھ کر سڑکوں پر سٹنٹ کریں گے اس لیے زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لیکن تھائی لینڈ کے انٹرنیشنل سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارک رچی نے گارڈین کو بتایا کہ وہ اس اقدام کو مقبول ہوتا دیکھ سکتے ہیں۔
ان کے بقول: ’تھائی ثقافت سانوک (تھائی زبان کا لفظ) یا تفریح کی قدر کرتی ہے، اس لیے یہ آگہی پیدا کرنے کا ایک بہت ہی شاندار طریقہ ہے۔‘
(ایڈیٹنگ: جویریہ حنا | ترجمہ: عبدالقیوم شاہد)
© The Independent