افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس کے مطابق ایئر پورٹ کے احاطے میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابل ائیر پورٹ کے احاطے میں اتوار کی صبح دھماکہ ہوا۔
خالد زدران کے مطابق تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد واضح نہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
طلوع نیوز کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح فوجی ہوائی اڈے کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے تعداد نہیں بتائی۔
دوسری جانب افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق دھماکہ ایئر پورٹ کے ملٹری گیٹ کے سامنے ہوا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کابل بین الاقوامی ہوائی اڈے کو اس سے قبل 26 اگست 2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب افغانستان سے لوگوں کا انخلا جاری تھا۔ اس دھماکے میں کم از کم 85 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس حملے میں امریکی فورسز کے 13 اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے اور دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے قبول کی تھی۔
اس کے بعد کچھ عرصہ کے لیے کابل ائیر پورٹ تمام پروازوں کے لیے بند کر دیا تھا۔
کابل ائیر پورٹ سے متصل وزارت داخلہ اور دیگر حساس اداروں کے دفاتر بھی واقع ہے۔