چند روز قبل انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے اوکھلا علاقے میں ایک میلہ ہوا جہاں ہر طرف طرح طرح کے پالتو جانور جیسے بلیاں کتے وغیرہ اور ان کے مالکان جھومتے کھیلتے نظر آرہے تھے۔
سارے میلے میں سلطان نامی ایگوانا یا گوہ توجہ کا مرکز بنی رہی۔
دہلی کے نوئیڈا علاقے سے تعلق رکھنے والی زویا رحمان نے ’سلطان‘ کو تین سال پہلے آسٹریلیا سے منگوایا۔ زویا پالتو جانوروں کی شوقین پہلے سے تھیں اور چاہتی تھیں کہ کچھ الگ پالتو جانور پالے جائیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے زویا رحمان نے بتایا کہ ’پالتو جانوروں کا شوق پہلے سے تھا۔ بلیاں، طوطے، چڑیا وغیرہ پہلے بھی پالی ہیں، اب یہ نیا شوق ہے۔‘
’ویسے تو ہم بلیاں بھی لائے ہیں مگر یہ ایگوانا خاص ہے۔ اس کا نام سلطان ہے اور یہ ابھی پانچ سال کا ہے۔‘
اس میلے میں یہ انوکھا جانور سب کو پسند آیا اور لوگ اس سے ملنے کا شوق ظاہر کرنے لگے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
زویا نے مزید کہا کہ ’پہلے دن میں میلے میں خود گئی لیکن اگلے دن سلطان کے لیے مجھے خصوصاً بلایا گیا۔‘
اس ایگوانا کی لمبائی دم کے ساتھ 1.5 سے 1.8 میٹر (پانچ سے چھ فٹ) تک ہوسکتی ہے۔ ان کی گردن کی درمیانی لکیر سے لے کر دم تک دوڑتے ہوئے لمبے لمبے سکیلز کی ایک قطار ہوتی ہے۔ یہ سبزی خور جانور ہوتے ہیں۔
زویا کا کہنا ہے کہ ’یہ سبزی کھاتا ہے۔ اس کو زیادہ پھل نہیں کھلا سکتے کیونکہ اس کا شوگر لیول بڑھ جاتا ہے۔ تو پھل ہفتے میں دو یا تین بار دیتے ہیں اور کیلشیئم کی دوا الگ سے دی جاتی ہے۔‘
’ایگوانا سرد خون ہوتی ہے اور سرد موسم میں اس کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔‘
’سلطان فیسٹ میں بہت خوش تھا لیکن شام میں اسے سردی بھی لگی۔ یہ سرد خون ہوتے ہیں اور خود گرمی پیدا نہیں کر پاتے۔ پھر گھر میں اس کو الٹرا وائلٹ اور باسکنگ لیٹ میں رکھنا پڑا۔‘