بابر اعظم کی کپتانی پر دس سال بعد بات کریں: اظہر الدین

محمد اظہر الدین نے کہا کہ بابر اعظم کافی اچھا کھیلتے ہیں اور ان کی گیم الگ ہے مگر سلاگنگ ان کے ٹائپ کا کھیل نہیں ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حال ہی میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز برابری پر ختم ہوئی (اے ایف پی)

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ ایک بڑے کھلاڑی ہیں لیکن انہیں سلاگ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ابو ظہبی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمد اظہر الدین نے کہا کہ بابر اعظم کافی اچھا کھیلتے ہیں اور ان کی گیم الگ ہے مگر سلاگنگ ان کے ٹائپ کا کھیل نہیں ہے۔

’اگر وہ (بابر اعظم) سلاگنگ کرنے جائیں گے تو میرے خیال میں یہ ان کے نیچرل ٹیلینٹ کے خلاف ہو گا۔ مجھے لگتا ہے کہ جو آپ میں نیچرل ٹیلینٹ ہے اسی پر زیادہ محنت کرنی چاہیے کیوں کہ جب آپ کوئی نئی چیز کرتے ہیں تو آپ اس میں ماہر نہیں ہوتے اس لیے اس میں ناکام ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔‘

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بابر اعظم کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں سوال پر اظہر الدین کا کہنا تھا کہ ’جب آپ بڑے فورم پر کھیلتے ہیں جہاں بال بھی سوئنگ ہو رہا ہو تو بڑے کھلاڑی اکثر ناکام ہو جاتے ہیں۔‘

’اس فارمیٹ میں پاکستان کے دو مین کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان ہی ہیں لیکن پچھلے کچھ ٹورنامنٹس میں بابر اعظم اوپنگ کرتے ہوئے جلدی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو جاتے ہیں تو انہیں اس بارے میں سوچنا ہو گا۔‘

انہوں مزید کہا کہ ’اگر اوپر کھیلتے ہوئے رنز نہیں بن رہے تو اوپنگ کی بجائے نمبر دو یا نیچے کھیلنا زیادہ فائدہ مند ہو گا۔ میرے خیال میں بابر اعظم نیچرلی اوپنگ بلے باز نہیں ہیں۔‘

بابر اعظم کی کپتانی پر ہونے والے تنقید پر سابق انڈین کپتان نے کہا کہ ’ہر آدمی وقت کے ساتھ سیکھتا ہے تو میرے خیال میں انہیں تھوڑا سا موقع دینا چاہیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’انہیں کپتانی کرتے ہوئے تھوڑا ہی عرصہ ہوا ہے اس لیے انہیں اتنا جلد جج نہیں کیا جانا چاہیے، آٹھ دس سال بعد آپ ایسا کر سکتے ہیں۔‘

حال ہی میں پاکستان کی اپنے ہی میدانوں پر مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم کی کپتانی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور انہیں تنقیدی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے مبصرین کا خیال ہے کہ بابر اعظم ایک بڑے کھلاڑی تو ہیں مگر وہ ایک اچھے ’کپتان نہیں‘ ہیں۔

پاکستان کو حال ہی میں پہلے انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز اور پھر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پھر پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر رہی جبکہ ون ڈے سیریز میں پھر سے پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ