پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے 40 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے جسے بعد میں ڈک ورتھ لوئس کے تحت تبدیل کر کے 158 رنز کر دیا گیا۔
برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی اوپنرز منیبہ علی اور سدرہ امین جلد ہی آؤٹ ہو گئیں اور اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 19 رنز تھا۔
عمائمہ سہیل بھی زیادہ دیر نہ رک سکیں اور پاکستان نے پاور پلے کے اختتام سے قبل ہی تین وکٹیں کھو دی تھیں تاہم اس موقع پر کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے 46 رنز کی پارٹنرشپ کر کے کسی حد تک نقصان کا ازالہ کیا۔
بسمہ معروف تو 28 رنز بنا کر گارڈنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئیں مگر دوسری جانب آل راؤنڈر ندا ڈار کریز پر جمی رہیں اور آنے والی دوسری بیٹرز کے ساتھ آخر تک جدوجہد کرتی رہیں۔
بارش کے باعث 40 اوورز تک محدود اننگز کے آخری اوور میں ندا ڈار 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
جواب میں آسٹریلیا نے 158 رنز کا ہدف 29ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔
اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی فوئبے لشٹ فیلڈ نے 78 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان میگ لیننگ نے 67 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور عمائمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو برسبین میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا 21 جنوری بروز ہفتہ کو نارتھ سڈنی اوول میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24 سے 29 جنوری تک سڈنی، ہوبارٹ اور کینبرا میں کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا آنے سے قبل ویمنز ٹیم نے لاہور اور کراچی میں پریکٹس کیمپ لگائے جہاں انہوں نے مختلف انٹرا سکواڈ میچز میں بھی شرکت کی۔
برسبین گذشتہ ہفتے پہنچنے کے بعد سے پاکستانی ٹیم نے وسیع پیمانے پر پریکٹس سیشن کیے ہیں جس میں جمعہ کو ایلن بارڈر فیلڈ میں گورنر جنرل الیون کے خلاف 50 اوورز کا میچ بھی شامل ہے۔
مہمان ٹیم میچ ہار نے کے باوجود ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا اور ندا ڈار نے باؤلنگ ڈپارٹمنٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا جبکہ بسمہ معروف نے ون ڈے سیریز سے قبل اپنی بیٹنگ فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ پاکستان نویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022-25 میں پاکستان اپنے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر ٹیبل میں بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کی نظریں گذشتہ سال جون میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 2-1 سے فتح حاصل کرنے اور بعد ازاں نومبر میں لاہور میں آئرلینڈ کے خلاف 3-0 سے سویپ کرنے کے بعد اپنی فتوحات کو جاری رکھنے پر مرکوز ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہاں وینیو پر اچھے پریکٹس سیشن کیے۔ ’یہاں کی پچوں میں پاکستان کے مقابلے میں مختلف باؤنس ہے اور ہمیں باؤنس کے ساتھ ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگا۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اسی مقام پر پریکٹس میچ کا موقع ملا جہاں سیریز کے ابتدائی دو میچز کی میزبانی کی جائے گی۔ اس سے حالات سے واقف ہونے میں مدد ملی۔ فاسٹ باؤلرز نے پریکٹس میچ میں اچھی باؤلنگ کی اور ان کنڈیشنز میں ان کا کلیدی کردار ہوگا۔
دوسری طرف سپنرز کو یہاں ضرورت کے مطابق اپنی لائن اور لمبائی کو ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بلے بازوں کو وکٹ پر سیٹ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک بار سیٹ ہونے کے بعد ان کے لئے رنز بنانا آسان ہوجائے گا۔ ہم نے خود کو اچھی طرح سے تیار کیا ہے اور سیریز میں بہتر نتائج دینے کے لئے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے میچوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، آسٹریلیا کے خلاف آنے والی سیریز بھی بہت اہم ہے۔ ہم سیریز میں اپنے منصوبوں پر قائم رہنے کی کوشش کریں گے۔
ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، کائنات امتیاز، منیبہ علی( وکٹ کیپر)، نصرہ سندھو، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور طوبیٰ حسن۔
سیریز کا شیڈول
18 جنوری - دوسرا ون ڈے میچ ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں کھیلا جائے گا۔
21 جنوری - تیسرا ون ڈے میچ نارتھ سڈنی اوول، سڈنی
24 جنوری - پہلا ٹی 20 میچ نارتھ سڈنی اوول، سڈنی
26 جنوری - دوسرا ٹی 20 میچ بلنڈ سٹون ایرینا، ہوبارٹ میں
29 جنوری - تیسرا ٹی 20 میچ مانوکا اوول، کینبرا