سعودی عرب کی ایک بڑی ریئل سٹیٹ شخصیت نے نیلامی میں ایک کروڑ ریال کی بولی لگا کر کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کی فرنچائز ٹیموں کے درمیان جمعرات کو کھیلے جانے والے دوستانہ مقابلے دیکھنے کے لیے ٹکٹ جیت لیا۔
جمعرات کو ریاض میں میسی کی پیرس سینٹ جرمین کا مقابلہ رونالڈو کے نئے کلب النصر اور ان کے سعودی حریف الہلال کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک منتخب ٹیم سے ہو گا۔
کلب ذرائع کے مطابق النصر کے ساتھ 2025 تک چلنے والے 20 کروڑ یورو کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب رونالڈو مملکت میں پہلا فٹ بال میچ کھیلیں گے۔
پانچ بار بیلن ڈی آر جیتنے والے رونالڈو اتوار کو النصر کے لیے سعودی پرو لیگ میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔
جمعرات کے دوستانہ میچ کو فروغ دینے کے لیے شاہی عدالت کے مشیر اور سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ نے ایک خصوصی ٹکٹ کے اجرا کا اعلان کیا جس سے حاصل ہونے والی رقم چیرٹی کے لیے خرچ ہو گی، اور اسے جتنے والے کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے مواقع اور لاکر رومز تک رسائی جیسی پیش کش کی گئی تھی۔
منگل کو مقامی وقت رات 11:30 پر بند ہونے والی اس خصوصی ٹکٹ کی بولی 10 لاکھ سعودی ریال سے شروع ہوئی۔
ترکی الشیخ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ مشرف الغامدی نے نیلامی میں یہ ٹکٹ ایک کروڑ ریال (26 لاکھ ڈالر) میں خریدا۔
الشیخ نے لکھا: ’مبارک ہو، آپ اس کے مستحق ہیں اور خدا آپ کو جزائے خیر دے۔‘
نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی احسان کے نام سے مشہور قومی خیراتی مہم کے ذریعے خرچ کی جائے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میسی کے علاوہ جمعرات کو کھیلنے والے پریس کلب کے ستاروں میں فرانس کے سٹرائیکر کائلان ایم باپے اور مراکش کے اشرف حکیمی شامل ہیں، جنہوں نے گذشتہ سال قطر میں مراکش کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سعودی ٹیم میں سالم الدوصاری شامل ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ارجنٹائن کو شکست دینے کے لیے کلیدی گول کیا تھا۔
تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب دنیا میں اپنے سافٹ امیج کو پیش کرنے کے لیے کھیلوں میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
النصر کے ذرائع کے مطابق رونالڈو کو مملکت سے مجموعی طور پر 40 کروڑ یورو کمانے کی توقع ہے جس میں سعودی عرب، مصر اور یونان کے لیے ورلڈ کپ کی متوقع بولی کے لیے بطور سفیر ان کی علیحدہ ادائیگی بھی شامل ہے۔
(بشکریہ عرب نیوز)