قومی دن پر پاکستان کے ساتھ میچ کیوں رکھا؟ آسٹریلوی کھلاڑی ناراض

ایشلے گارڈنر کے مطابق 26 جنوری ان کے لیے ’دکھ اور سوگ کا دن‘ ہے۔

ایشلے گارڈنر 20 دسمبر، 2022 کو ممبئی میں انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ایکشن میں نظر آ رہی ہیں (اے ایف پی)

آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی ایک مقامی کھلاڑی نے آسٹریلیا کے قومی دن پر پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

آسٹریلیا میں قومی دن 26 جنوری، 1788 کو ’پہلے بحری بیڑے‘ کی آمد کی یاد میں منایا جاتا ہے جو آسٹریلیا میں پہلے سفید فام آباد کاروں کو لے کر یہاں پہنچا تھا۔

لیکن کچھ قدیم مقامی آسٹریلوی اس دن کو یلغار کے دن یا نوآبادیات کے دن کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ آنے والوں نے ان کی زمینوں پر قبضے اور مقامی آسٹریلوی ثقافت کو ختم کر دیا تھا۔

آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی مقامی آسٹریلوی خاتون ایشلے گارڈنر نے کہا کہ 26 جنوری ان کے لیے ’دکھ اور سوگ کا دن‘ ہے۔

ایک ٹویٹ میں گارڈنر نے کہا کہ ’اس دن میچ کھیلنا یقیناً ایک فرد کے طور پر میرے لیے درست نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے ساتھ بھی جن کی میں نمائندگی کر رہی ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’ان لوگوں کے لیے جو یہ نہیں سمجھتے کہ اس دن کا کیا مطلب ہے تو میں بتانا چاہتی ہوں کہ یہ (مقامی لوگوں کے لیے) نسل کشی، قتل عام اور بے دخلی کا آغاز تھا۔‘

ان کے بقول: ’جب میں اس کھیل کے لیے میدان میں اتروں گی تو یقینی طور پر اپنے تمام آباؤ اجداد اور لوگوں کی زندگیوں کے بارے میں سوچ رہی ہوں گی جو اس دن مکمل طور پر بدل گئی۔‘

کرکٹ آسٹریلیا نے ابھی تک میچ کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کی لیکن آسٹریلوی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق مقامی آسٹریلین کھلاڑی ممکنہ طور پر میچ سے قبل ننگے پاؤں اور مقامی تھیم والی وردی پہنیں گی۔

2021 میں کرکٹ آسٹریلیا ملک کا پہلا قومی کھیل بن گیا جس نے ’آسٹریلیا ڈے‘ کی اصطلاح کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کیا۔

اُس وقت کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے اس اقدام پر سخت تنقید کی تھی۔

آسٹریلیائی خواتین اس موقعے پر آخری بار 26 جنوری، 2016 کو کھیلی تھیں۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: عبدالقیوم شاہد)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ