متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا دورہ اسلام آباد خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر محمد بن زاید کو آج پاکستان کا سرکاری دورہ کرنا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر بات ہونا تھا۔ ’دورے کو بعد میں ری شیڈیول کیا جائے گا۔‘
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان 25 جنوری سے نجی دورے پر رحیم یار خان میں موجود تھے مگر اب خراب موسم کے باعث اسلام آباد نہیں آ سکیں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی، جس کے بعد انہیں آج وفاقی دارالحکومت پہنچنا تھا۔
اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر محمد بن زاید کے طیارے کو نور خان ایئر بیس تک جے ایف 17 طیاروں کے ذریعے اسکارٹ کیا جانا تھا اور 21 توپوں کی سلامی بھی دی جانی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ 12 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کے لیے موجودہ قرض میں توسیع اور ایک ارب ڈالر کے نئے قرض پر اتفاق کیا ہے۔
اسی دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم شہباز شریف سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمان سنبھالنے کے بعد پہلے سعودی عرب اور پھر یو اے ای کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کی امارات کے صدر کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
اسلام آباد میں واقع یو اے ای کے سفارت خانے سے اس وقت جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ملاقات میں عسکری اور سلامتی سے متعلق دونوں دوست ممالک کے دو طرفہ دلچسپی کے امور کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی تھی۔‘
محمد بن زاید آل نہیان کا نجی دورہ
انڈپینڈنٹ اردو کو دستیاب میسر معلومات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان 25 جنوری کو پنجاب کے شہر رحیم یار خان شکار کی غرض سے پہنچے تھے۔
گذشتہ برس صوبہ پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں عرب حکمرانوں اور شاہی خاندانوں کے کل 36 افراد کو تلور کے شکار کے اجازت نامے جاری کیے گئے تھے۔
محمد بن زاید آل نہیان اس سے قبل جنوری 2019 اور جنوری 2020 میں پاکستان کے دورے پر تشریف لائے تھے۔