ترکی زلزلے میں تمام پاکستانی محفوظ ہیں: پاکستانی سفیر

ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا ہے کہ ترکی میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور انہیں ابھی تک کسی پاکستانی شہری کے مرنے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کے مطابق پاکستان سے اب تک 185 ٹن سامان ترکی پہنچ چکا ہے(انڈپینڈنٹ اردو)

ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا ہے کہ ترکی میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں اور ہمیں ابھی تک کسی پاکستانی شہری کے مرنے یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

پاکستانی سفیر کے مطابق ’غازی انتیپ کی مختلف یونیورسٹیز میں پڑھنے والے 25 پاکستانی طلبہ نے ہمیں آگاہ کیا کہ زلزلے کی وجہ سے ان کی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں اور انہیں اس سلسلے میں مدد چاہیے۔ ہم نے ایک آفیسر آدانا میں تعینات کیا اور ان طلبہ کو غازی انتیپ سے نکال کر آدانا پہنچایا گیا۔‘

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’ان کی رہائش کا بندوبست کرتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے ان سے پوچھا گیا تو طلبہ کی اکثریت نے بتایا کہ وہ پاکستان واپس جانا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کی یونیورسٹیز کب کھل سکیں گی۔‘

پاکستانی طلبہ کی وطن روانگی

ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کوشش کر کے 15 طلبہ کا پہلا دستہ پاکستان روانہ کر دیا ہے اس کے فوری بعد اگلے روز آٹھ مزید طلبہ کو پاکستان بھیج دیا جو پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ زلزلے سے متاثر ہونے والے تمام طلبہ کو ہم پاکستان روانہ کر چکے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی ایسی اطلاعات نہیں ہیں جہاں پاکستانی کمیونٹی یا پاکستانیوں کو ہماری کوئی مدد درکار ہو۔‘

پاکستانی اہلکاروں کی ریسکیو سرگرمیاں

پاکستان سے ترکی پہنچنے والے ریسکیور اہلکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’سات تاریخ کو پاکستانی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے  پاکستانی فوج کے  33 ریسکیو اہلکار آدانا پہنچے جہاں سے انہیں زلزلے سے متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا گیا اور انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ اسی روز شام کو پی آئی اے کی پرواز سے ریسکیو 1122 کے 53 اہلکار اسنتبول پہنچے جنہیں عادی اامان پہنچا دیا گیا کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ ہماری کوششیں مرکوز رہیں۔‘

ڈاکٹر یوسف جنید کا کہنا ہے کہ ’ان دونوں ٹیموں کے افراد نے 72 گھنٹے تک سوئے یا آرام کیے بغیر ریسکیو کارروائیوں کو جاری رکھا۔ اس کارروائی میں پاکستانی ٹیموں نے 19 افراد کو زندہ ملبے کے نیچے سے نکالا جب کہ کئی لاشیں بھی نکالیں۔

امدادی سامان کی ترسیل

ڈاکٹر یوسف جنید کے مطابق ’ترکی کی صورت حال پر ایک اعلی سطحی اجلاس کے بعد گذشتہ چار روز سے پاکستان کے پاکستان فضائیہ، پی آئی اے، ترکش ایئرلائنز اور ترک فوج کے جہازوں کے ذریعے پاکستان سے امدادی سامان ترکی پہنچایا جا رہا ہے۔ پاکستان سے اب تک 185 ٹن سامان ترکی پہنچ چکا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں  نے مزید بتایا کہ ’زمینی راستے سے بھی 15 ٹرکوں پر سامان ترکی روانہ کر دیا گیا ہے جو ایک ہفتے میں ترکی پہنچ جائے گا اس کے علاوہ نیوی کے جہاز کے ذریعے بھی امدادی سامان ترکی بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔‘

ریلیف فنڈ کا قیام

پاکستانی سفیر کے مطابق ’وزیراعظم نے ایک ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیراعظم صاحب نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان اپنی ایک ماہ کی تنخواہ اور تمام سرکاری ملازمین اپنی ایک روز کی تنخواہ اس ریلیف فنڈ میں جمع کرائیں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مخیر حضرات سے اپیل کی گئی ہے وہ زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔ صوبوں کے مختلف شہروں میں بھی سینٹر بنائے گئے ہیں جہاں شہری امدادی سامان جمع کرا سکتے ہیں۔ سرکاری کے علاوہ پاکستان سے غیر سرکاری تنظیمیں بھی کام کر رہی ہیں جن میں الخدمت اور سیلانی کی ٹیمیں شامل ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا