چکوال میں کلر کہار کے نزدیک پیر کی صبح بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 63 زخمی ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان ثاقب وحید نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 49 سیٹر بس، جس میں باراتی سوار تھے، اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی کہ کلر کہار کے قریب اسے حادثہ پیش آیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کی بریکیں فیل ہو گئیں اور اس کی سپیڈ بے قابو ہو گئی۔ نتیجتاً بس مخالف سمت سے آنے والی دو گاڑیوں اور ایک شہزور پک اپ سے ٹکرا گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ رات گئے ہوا اور اندھیرے کے سبب ریسکیو اور پولیس کو امدادی کارروائی میں دشواری کا سامنہ کرنا پڑا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر چکوال نے سوشل میڈیا پر اس حادثے کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ کلر کہار سالٹ رینج پر پیش آنے والے حادثے میں ایک تیز رفتار بس بریک فیل ہونے کے سبب روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا کر دوسری طرف سے آنے والی دو کاروں سے ٹکرائی اور تینوں گاڑیاں کھائی میں جا گریں۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے میں 63 افراد زخمی جبکہ 14 وفات پا چکے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بس اور دیگر گاڑیوں کو کھائی سے نکال لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو حکام نے آپریشن مکمل کر لیا ہے اور اس کیس میں مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔
کلر کہار میں پیش آنے والے اس بس حادثے پر وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس و ہمدردی کیا ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔