بلوچستان کے علاقے بارکھان میں دھماکہ، چار افراد جان سے گئے

تحصیل دار کے مطابق بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا، واقعے میں متعدد افراد بھی زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی (اے ایف پی/فائل)

حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے شہر رکنی میں اتوار کو بم دھماکے میں چار افراد جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم بھنگر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا رکنی دھماکے میں چار افراد جان سے گئے اور جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

ان کے مطابق: ’زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ کچھ کو مقامی ہسپتال جبکہ دوسروں کو ڈیرہ غازی خان لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘

اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم بھنگر نے بتایا کہ رکنی بازار میں دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب مواد کی وجہ سے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جان سے جانے والوں اور زخمیوں میں عام شہری شامل ہیں۔

تحصیل دار رکنی محمد سلیم نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا: ’بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ واقعے میں سات سے زائد افراد زخمی ہوئے۔‘

دھماکہ آج صبح 10 بجے کے آس پاس ہوا، جس کی وجہ سے دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائی شروع کر دی۔

بارکھان کے مقامی صحافی حیات کھیتران نے انڈیپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دھماکہ ایک حجام کی دکان کے قریب ہوا۔

’دھماکے کی شدت زیادہ تھی، اس لیے زخمیوں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔‘

انہوں نے بتایا واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ دہشت گرد صوبے کے ماحول کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر خضدار میں ایس پی پولیس کے سکواڈ پر بم حملے میں ڈرائیور جان سے گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

وزیر داخلہ ضیا لانگو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمی کو طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بارکھان میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کی بیخ کنی کے لیے پر عزم ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان