پی ایس ایل 8 کے پہلے پلے آف میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 84 رنز سے شکست دے دی۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ کل کھیلے جانے والے دوسرے پلے آف میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹاس جیت کر ملتان سے پہلے بلے بازی شروع کی تو شائقین گذشتہ مقابلوں کی طرح ایک ہائی سکورنگ میچ کی امید لگائے بیٹھے تھے لیکن لاہور کی پچ راولپنڈی کی وکٹ سے قطعی مختلف تھی اور بلے بازوں کے لیے ایک ڈراونہ خواب ثابت ہوئی۔
ملتان کی ٹیم اپنی ہارڈ ہٹنگ بیٹنگ لائن اپ کی پوری کوشش کے باوجود پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 160 رنز بنا سکی۔
ملتان کی جانب سے کیرین پولارڈ 57 رنز بنا کر سر فہرست رہے جبکہ کپتان محمد رضوان صرف 33 رنز بنا سکے۔
پی ایس ایل 8 میں تیز ترین سینچری سکور کرنے والے عثمان خان آج کے میچ میں اپنے بلے کی کاٹ نہ دکھا سکے اور 29 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف چار اوور میں 34 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
لاہور نے بلے بازی شروع کی تو فخر زمان اور طاہر بیگ جلد ہی پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد تو جیسے لاہور کی وکٹیں گرنے کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور ایک موقعے پر 50 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہر چکے تھے۔
یہاں ایسا لگا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنے کم ترین سکور 59 کا ریکارڈ توڑ دے گا۔
لیکن حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے تھوڑی مزاحمت دکھاتے ہوئے سکور کو 76 تک پہنچا دیا تاہم ان کی یہ سعی میچ کا نتیجہ بدلنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی اور یوں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 76 سکور بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل نے تین اور اسامہ میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ سیم بلنگز 19 سکور کے ساتھ لاہور قلندرز کے ٹاپ سکورر رہے۔
لاہور قلندرز کے پاس ابھی بھی فائنل تک رسائی کا ایک موقع ہے، اگر وہ دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم کو شکست دے دیتے ہیں تو وہ ملتان سلطانز کے خلاف فائنل کھیل کر پہلے پلے آف کا حساب چکانے کے ساتھ ساتھ اپنی پی ایس ایل سیون کی ٹرافی کا بھی کامیابی سے دفاع کر سکیں گے۔