بابراعظم کی پی ایس ایل میں پہلی سینچری، جیسن روئے کا جوابی وار

پشاور زلمی کے کپتان نے 115 رنز کی اننگز کھیل کے اپنی ٹیم کو ایک بڑا ٹوٹل کرنے میں مدد دی لیکن جیسن روئے نے زلمی کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

پشاور زلمی کے کپتان نے 115 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے نے 145 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی(اے ایف پی)

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے جانے میچ میں اپنی پہلی پی ایس ایل سینچری سکور کر ڈالی جبکہ زلمی نے رواں ٹورنامنٹ کا دوسرا بڑا ٹوٹل بھی اپنے نام کر لیا لیکن جیسن روئے کی شاندار اننگز کے بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹ پر 240 رنز بناتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 241 رنز کا ہدف دے دیا۔

کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کو جلد ہی یک طرفہ بنا دیا اور ان کے 145 رنز کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ انیسویں اوور میں آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 65 گیندوں پر شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 115 رنز بنائے۔

اوپننگ میں ان کا ساتھ دینے والے صائم ایوب نے ایک بار پھر جارہانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس سے پشاور زلمی کو پی ایس ایل کا دوسرا بڑا ٹوٹل بنانے میں مدد ملی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف چھکے اور چوکے لگاتے ہوئے 162 رنز کی شراکت قائم کی جو پی ایس ایل کی تاریخ کی دوسری بڑی شراکت ہے۔

میچ شروع ہونے سے پہلے ہی کوئٹہ کو ایک بڑا دھچکا تب ملا جب کپتان سرفراز کی انگلی ان کو پچھلے میچ میں دھوکا دے گئی اور انجری کے باعث ان کی دستیابی آج کے اہم میچ میں ممکن نہ ہو سکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ڈووین پریٹوریئس نے صائم ایوب کو آؤٹ کیا جبکہ بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے۔

 میچ کے دوران گلیڈی ایٹرز کے بولرز اور فیلڈرز بے بس نظر آئے۔

بابر اعظم نے میچ کے دوران پی ایس ایل میں 26 نصف سینچریوں کے بعد اپنی پہلی سینچری بنائی، انہوں نے 115 رنز کی اننگز کے دوران تین چھکے اور 15 چوکے لگائے۔

بابر اعظم اور صائم ایوب نے اس میچ میں بھی گذشتہ میچ کا تسلسل جاری رکھا اور مسلسل دوسری بار 100 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کی۔

پشاور زلمی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی کپتان بابر اعظم کی سینچری کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کنگ بابر نے پہلی سینچری کر ڈالی۔‘

فرید خان نامی صارف نے بھی اپنی ٹویٹ میں بابر اعظم کی کوور ڈرایئو کھیلتے اور سینچری مکمل کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ یہ آدمی! یہ احساس، ہم نے اتنی دیر تک انتظار کیا، بابر اعظم نے مکمل کیا اپنا 100 عالمی معیار. شاہ بابر، میرے پاس الفاظ کم پڑ رہے ہیں بابر کو بیان کرنے کے لیے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ