آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سٹوارٹ میک گل کو جمعرات کے روز سڈنی کی ایک عدالت نے کوکین کی سپلائی میں حصہ لینے کا مجرم قرار دیا۔
البتہ چھ گھنٹے سے زائد بحث کے بعد جیوری نے 54 سالہ میک گل کو بڑے پیمانے پر منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کے زیادہ سنگین الزام سے بری کر دیا۔
پولیس کے مطابق ریٹائرڈ لیگ سپنر میک گل نے 2021 میں اپنے ذاتی کوکین ڈیلر کا تعارف ایک ساتھی سے کروایا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں نے مل کر آپس میں دو لاکھ امریکی ڈالر کی منشیات کے سودے کا بندوبست کیا۔
سڈنی ڈسٹرکٹ کورٹ کے ریکارڈز کے مطابق اگرچہ میک گل اس لین دین میں براہ راست شامل نہیں تھے، لیکن جیوری نے انہیں ممنوعہ منشیات کی سپلائی میں جان بوجھ کر حصہ لینے کا مجرم پایا۔
میک گل کو مئی میں سزا سنائی جائے گی۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق میک گل نے تسلیم کیا ہے کہ وہ خود کوکین تفریحی طور پر استعمال کرتے تھے مگر اس کے عادی نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک زمانے میں چار سے چھ سو ڈالر فی ہفتہ کوکین پر خرچ کیا کرتے تھے، اور کبھی کبھی یہ رقم آٹھ سو ڈالر تک پہنچ جاتی تھی۔
انہوں نے 1998 سے 2008 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 44 ٹیسٹ میچ کھیلے۔
سٹوارٹ میک گل نے 44 ٹیسٹ میچوں میں 208 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ان کی بہترین کارکردگی ایک اننگز میں 108 رنز کے عوض آٹھ وکٹیں ہے۔
انہیں عمدہ لیگ سپنر تسلیم کیا جاتا تھا مگر ان کی بدقسمتی سے اسی دوران شین وارن کا طوطی بولتا تھا جس کی وجہ سے میک گل کو زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔