پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بھی شکست سے آغاز

کرائسٹ چرچ میں اتوار کی صبح کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ناتجربہ کار ٹیم صرف 91 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم 16 مارچ 2025 کو سلمان علی آغا کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ کے میدان میں اتری (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے ہی دو میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد اب نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز بھی ایک مایوس کن کارکردگی سے کیا ہے۔

کرائسٹ چرچ میں اتوار کی صبح کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ناتجربہ کار ٹیم صرف 91 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی اور میزبان ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے نئے کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں ارتنے والی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد حارث اور حسن نواز بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

کپتان سلمان علی آغا 18، جہانداد خان 17 اور خوشدل شاہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ’سنگل ڈیجٹ‘ سے بھی آگے نہ بڑھ سکا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جیکب ڈفی نے چار، جیمیسن تین اور اش سوڈھی دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جواب میں نیوزی لینڈ نے 92 رنز کا ہدف 11ویں اوور کی پہلی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ٹم سائفرٹ نے 29 گیندوں پر 44 کی اننگز کھیلی۔ وہ آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز تھے، ان کے علاوہ فن ایلن نے 17 گیندوں پر 29 اور رابنسن نے 15 گیندوں 18 رنز بنائے اور دونوں ہی آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے دو اووروں میں 17، شاداب خان نے دو اووروں میں 18 اور محمد علی نے تین اووروں میں 25 جبکہ جہانداد خان نے ایک اوور میں 16 رنز دیے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ ہارنے کے بعد سیریز کو برابر کرنے کے لیے پاکستان ٹیم 18 مارچ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے میدان میں اترے گی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ