نیوزی لینڈ کی ایک اور فتح مگر پاکستان ’دوسرا میچ بہتر کھیلا‘

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’یہ اچھا میچ تھا، ہم نے پہلے میچ کی نسبت اچھا کھیلا، مگر ہمیں پاوور پلے میں مزید بہتر بولنگ کرنا ہوگی۔‘

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18 مارچ 2025 کو ٹی ٹوئنٹی میچ ڈنیڈن میں کھیلا گیا (اے ایف پی)

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی قدرے ناتجربہ کار ٹیم کو لگاتار دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ڈنیڈن میں بارش کے باعث 15 اووروں تک محدود کیے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 136 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

میزبان نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک بار پھر اوپنر سائفرٹ اور فن ایلن نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان بولرز کو آغاز سے سے دباؤ میں ڈالے رکھا۔

ان کی جارحانہ بلے بازی کا اندازہ اس بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے سٹار بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنا کوئی وکٹ حاصل کیے تین اووروں میں 31 رنز دیے مگر ان کے صرف ایک اوور میں سائفرٹ نے چار چھکے لگائے اور کل 26 رنز بٹورے۔

ٹم سائفرٹ 22 گیندوں پر 45 اور فن ایلن 16 گیندوں پر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیے

پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ اور حارث رؤف نمایاں بولر رہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں پر کسی حد تک دباؤ بھی بنائے رکھا اور وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہے۔

حارث رؤف نے دو اور خوشدل نے ایک وکٹ لی جبکہ جہانداد اور محمد علی نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ سے دوسرے میچ میں شکست کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’یہ اچھا میچ تھا، ہم نے پہلے میچ کی نسبت اچھا کھیلا، مگر ہمیں پاوور پلے میں مزید بہتر بولنگ کرنا ہوگی۔‘

سلمان علی آغا نے کہا کہ ’ہم نے پہلے میچ کی نسبت اس میچ میں بہتر بیٹنگ کی اور ٹکڑوں میں بولنگ بھی اچھی کی لیکن ہمیں پاوور پلے میں اچھی بولنگ کرنا ہو گی اور مستقل مزاجی دکھانا ہوگی۔‘

اس سے قبل پاکستانی بلے بازوں نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے مقابلے میں قدرے بہتر کارکردگی دکھائی لیکن نوجوان اوپنر حسن نواز اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں۔

حسن نواز لگاتار دونوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں لیکن محمد حارث پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اس میچ میں 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے جبکہ دوسرے نمایاں بلے باز شاداب خان تھے جنہوں نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ شاہین آفریدی نے جارحانہ انداز میں 14 گیندوں پر 22 رنز سکور کیے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ