افغانستان نے شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔
افغانستان نے اتوار کی رات شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں 131 رنز کا ہدف آخری اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے رحمٰن اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کے درمیان 56 رنز کی پارٹنرشپ نے میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکال دیا اور آخر میں ایک بار پھر محمد نبی نے اپنے تجربے کا استعمال کیا اور ٹیم کو فتح دلوا دی۔
پاکستانی بولرز نے افغان ٹیم پر دباؤ تو ڈالے رکھا تاہم وہ اہم مواقع پر وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہو سکے اور افغانستان نے سات وکٹوں سے میچ اپنے نام کیا۔
میچ کے دوران پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن تھا اور اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق یکے بعد دیگرے لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اعظم خان اس میچ میں بھی ناکام رہے اور صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ اس طرح صرف 63 رنز پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔
تاہم بعد میں عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے عمدہ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کا سکور 130 تک پہنچا دیا۔
عماد وسیم نے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ شاداب خان نے 32 رنز بنائے۔
دونوں کی ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ کل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔