پاکستان نے شارجہ میں مسلسل دو میچ ہارنے کے بعد وائٹ واش سے بچتے ہوئے پیر کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں افغانستان کو 66 رنز سے ہرا دیا۔
آج کھیلے گئے میچ کی ایک نمایاں بات پاکستان کے کپتان شاداب خان کی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سو وکٹیں اور بطور کپتان پہلی جیت تھی۔
آج افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو پاکستان کی پانچویں اوور میں محض 28 رنز پر دو وکٹیں گرنے پر اچھا فیصلہ نظر آ رہا تھا۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد یہی خدشات امڈ رہے تھے کہ پاکستان پہلے دو میچوں میں بیٹنگ کی بری طرح ناکامی کی طرح آج بھی خراب پرفارم کرے گا۔
تاہم صائم ایوب، افتخار احمد، عبداللہ شفیق اور کپتان شاداب خان نے اچھا کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر سکور 182 تک پہنچا دیا۔
صائم نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے، ان کی 40 گیندوں کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
عبداللہ شفیق نے 13 گیندوں پر 23 جبکہ افتخار احمد نے 25 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ شاداب نے 17 گیندوں پر پانچ چوکے لگا کر 28 رنز بنائے۔
افغان بولروں میں مجیب الرحمان دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ فضل الحق فاروقی، محمد نبی، فرید احمد اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان کے 182 رنز کے تعاقب میں افغان اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
احسان اللہ نے پانچویں اوور میں رحمان اللہ گرباز (18 رنز) کو بولڈ کر کے افغان دیوار میں پہلی دراڑ ڈالی۔
چھٹے اوور میں محمد وسیم جونیئر نے دوسرے اوپنر صدیق اللہ اتل (11 رنز) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
ساتویں اوور میں ابراہیم زردان بھی اپنی ٹیم کے سکور میں کچھ خاص اضافہ نہ کرتے ہوئے پویلین لوٹ گئے۔ انہیں شاداب نے نشانہ بنایا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
39 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد افغان بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی۔
افغانستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستانی بولنگ کی خاص بات کپتان شاداب کی تین وکٹیں تھیں۔ انہوں نے آج ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سو وکٹیں بھی مکمل کیں۔
ان کے علاوہ احسان اللہ نے بھی تین جبکہ وسیم، زمان خان اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاداب اس وقت کرکٹ کے مختصر فارمیٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
ان کے بعد فہرست میں دوسرا نمبر شاہد آفریدی کا ہے، جنھوں نے 98 میچوں میں 97 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
آف سپنر سعید اجمل 85 وکٹوں کے ساتھ تیسرے، عمر گل بھی اتنی ہی وکٹوں کے ساتھ چوتھے جبکہ حارث رؤف 72 وکٹوں لے کر پانچویں نمبر پر ہیں۔