پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تجارت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں سراسر جھوٹ ہیں اور دور دور تک ایسا کچھ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پیر کو مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خطاب کہا کہ ’یہ بات سوشل میڈیا پر آ چکی ہے جس کا دور دور تک کوئی سر پیر نہیں ہے، مکمل طور پر جھوٹ ہے۔‘
’بطور وزیراعظم پاکستان میں نے حلف اٹھایا ہے کہ اپنے تمام راز سینے میں رکھوں گا۔‘
شہبازشریف نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر آیا کہ پاکستان نے اسرائیل سے تجارت شروع کر دی، جس کا دور دور تک کوئی نام و نشان نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر آنے والی اس خبر کو میں نے دیکھنا بھی پسند نہیں کیا، کیوں کہ مجھے پتہ تھا یہ جھوٹ ہے۔‘
گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کراچی سے تعلق رکھنے والے فشیل بن خالد نامی شخص نے اپنی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ’بطور پاکستانی مجھے مبارک ہو کہ میں نے پاکستان کی خوردنی اشیا کی پہلی کھیپ اسرائیل کی منڈی میں برآمد کی۔‘
تاہم فشیل نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ پاکستان سے یہ اشیا کیسے اسرائیل برآمد کی گئیں۔
اس حوالے سے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ایک پاکستانی نژاد یہودی نے ٹریڈنگ کی، اس کا حکومت پاکستان سے کیا تعلق؟‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کی روز اول سے پوزیشن ہے کہ جب تک فلسطینیوں کو، جو نہتے دن رات شہید ہو رہے ہیں، ان کا حق نہیں مل جاتا، ان کو آزاد وطن نہیں مل جاتا، ہم اس وقت تک اس مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس طرح کا شیطانی چرخہ بننے والے کون ہیں؟ یہ وہی ہیں جنہوں نے پاکستانی نژاد میئر آف لندن کی مخالفت کی اور اپنی سابق بیوی کے سگے بھائی کی سرعام تشہیر کی۔‘
اسی طرح پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی انڈپینڈنٹ اردو کو دیے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیل کے لیے برآمدات کی اجازت کسی کو نہیں دی گئی اور اس معاملے کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔
Congratulation to Me as a Pakistani
— Fishel BenKhald (@Jew_Pakistani) March 28, 2023
I exported first batch of Pakistan food products to Israel market
Dates, Dry fruit, Spice single container. My video@CMShehbaz @ImranKhanPTI @BBhuttoZardari @NawazSharifMNS @MaryamNSharif @betterpakistan @MiftahIsmail @tdap_official pic.twitter.com/l4KRqI4oet
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’اس کی تحقیقات کر لیں گے لیکن ہماری حکومت نے کسی کو (اشیا اسرائیل برآمد کرنے کی) اجازت نہیں دی۔‘