خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے گاؤں چارباغ میں ایک رضاکار حاجی جہانزیب نے بتایا کہ پچھلے 22 سال سے رمضان میں ایک بڑا دسترخوان سجتا ہے جہاں سے ہزاروں لوگ سحر و افطار کے لیے مفت سالن لے کر جاتے ہیں۔
دسترخوان کے انتظامی امور میں شامل حاجی جہانزیب نے بتایا کہ یومیہ 12 دیگیں تیار کی جاتی ہیں، جس کا خرچہ کراچی کی ایک شخصیت ادا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ شخصیت سامنے نہیں آنا چاہتی اور ان کا اصرار ہے کہ دسترخوان کا سارا خرچ وہ خود برداشت کریں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کو دسترخوان پر روزانہ الگ الگ کھانا تیار کرکے دیا جاتا ہے جس میں لوبیا، آلو گوشت، چنا سے لے کر سبزی اور مختلف قسم کے دالیں شامل ہیں۔
حاجی جہانزیب کے مطابق: ’پورے رمضان میں ہزاروں افراد یہاں سے اپنے گھر والوں کے لیے کھانا لے جاتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ سالن کی تقسیم نماز مغرب تک جاری رہتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حاجی جہانزیب نے واضح کیا کہ یہ کھانا زکوٰۃ کی رقم سے تیار نہیں کیا جاتا لہٰذا مستحقین کے علاوہ عام لوگ بھی کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔
دسترخوان سے استفادہ کرنے والے افراد نے بتایا کہ اگر رمضان میں انہیں کام نہ ملے تو انہیں زیادہ پریشانی نہیں ہوتی کیوں کہ انہیں یقین ہوتا ہے کہ انہیں دسترخوان سے راشن اور تیار کھانا ضرور ملے گا۔
کالام کے رہائشی عمر فقیر کا کہنا ہے کہ وہ کئی سالوں سے روزگار کے سلسلے میں چارباغ میں مقیم ہیں اور ہر سال ان کو یہاں سے مفت راشن اور تیار کھانا ملتا ہے۔
’یہ کھانا انتہائی ذائقہ دار ہوتا ہے اس کھانے کی لذت باقی کھانوں سے زیادہ ہے۔‘