برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی کے لیے رمضان المبارک کے مہینے میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے اور انہیں ’خصوصی رمضان پیکج‘ دیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں ملک کے بڑے سپر سٹورز خاص طور پر کیش اینڈ کیری سٹورز، جن پر ایشیائی خوردنی اشیا دستیاب ہوتی ہیں، پر خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔
اس رعایت میں آٹا، چاول، دیسی گھی، کوکنگ آئل، دالیں، بیسن اور مشروبات وغیرہ شامل ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں دکانداروں سے رمضان پیکج کے بارے میں بات کی۔ ایک دکاندار علی نے بتایا کہ اس مہنگائی کے دور میں انہوں نے اپنے صارفین کی مدد کے لیے اشیائے خورد و نوش پر ’آفرز‘ لگائی ہوئی ہیں۔
علی کے مطابق: ’ہمارے پاس بہت ورائٹی ہے۔ ہم اپنے سپلائرز سے بھی درخواست کر رہے ہیں کہ وہ ہمیں جتنا ممکن ہو ڈسکاؤنٹ دیں تاکہ ہم اپنے صارفین کو سہولت فراہم کر سکیں اور اس سال بھی ان کا رمضان المبارک اسی طرح گزرے، جیسے پہلے گزرتا تھا جب مہنگائی اتنے عروج پر نہیں تھی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو نے رمضان پیکج کے بارے میں کچھ صارفین سے بھی بات کی۔
ان میں سے ایک صارف عمرانہ فاروق نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سپر سٹورز اور کیش اینڈ کیری نے بہت اچھی آفرز لگائی ہوئی ہیں، آج کل لوگوں پر مہنگائی کا دباؤ ہے، رمضان المبارک کی آمد کی وجہ سے مقامی دکانوں پر آفرز لگائی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے اور انہیں موقع مل سکے تاکہ وہ اپنے گھر میں، اپنے خاندان کو اچھی خوراک مہیا کر سکیں اور رمضان المبارک کا بھرپور اہتمام کر سکیں۔‘
نہ صرف مقامی دکانیں بلکہ جنرل سٹورز نے بھی آفرز لگائی ہوئی ہیں تاکہ جو لوگ مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور پانی، بجلی، گیس کے بلوں کی آسمان سے چھوتی قیمتوں کی وجہ سے پریشان ہیں، انہیں اپنے اہل خانہ کو اچھا اور صحت بخش کھانا مہیا کرنے میں مدد مل سکے۔
برطانیہ میں 2021 کی مردم شماری کے مطابق کل آبادی کا تقریباً 6.5 فیصد حصہ مسلم کمیونٹی پر مشتمل ہے۔
2022 تک برطانیہ میں قریباً 40 لاکھ مسلمان آباد تھے، ان میں سے 20 لاکھ سے زیادہ مسلمانوں کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے، جن میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک شامل ہیں۔