دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آگ لگنے سے 16 افراد جان سے گئے جبکہ نو زخمی ہو گئے۔
دبئی کے شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آگ ہفتے کی دوپہر الراس کے علاقے میں واقع عمارت میں لگی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو سب سے پہلے مقامی وقت کے مطابق 12 بج کر 35 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔
شہری دفاع کی ٹیم چھ منٹ میں موقعے پر پہنچ گئی اور لوگوں کو عمارت سے نکالنے اور آگ بجھانے کی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
پورٹ سعید فائر سٹیشن اور حمریہ فائر اسٹیشن کی ٹیموں نے آگ بجھانے کی کارروائیوں کا بیک اپ فراہم کیا۔ آگ پر دو بج کر 42 منٹ پر قابو پا لیا گیا جس کے بعد متاثرہ عمارت کو ٹھنڈا کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گلف نیوز کے مطابق سماجی کارکن نصیر وتنپلی نے، جو مرنے والے افراد کی شناخت میں مدد کے لیے ہفتے کی رات دبئی پولیس کے مردہ خانے میں موجود تھے، کہا کہ وہ دبئی پولیس، دبئی میں انڈین قونصل خانے، دیگر سفارتی مشنز اور فوت ہونے والوں کے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ رابطے میں مصروف رہے۔
انہوں نے اخبار کو بتایا کہ ’اب تک ہم چار انڈین شہریوں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں کیرالہ کا ایک جوڑا اور عمارت میں کام کرنے والے تمل ناڈو کے دو مرد حضرات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تین پاکستانی کزنز اور ایک نائجیرین خاتون کی شناخت ہوئی ہے۔‘
دبئی سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عمارت کی حفاظت کے تقاضے پورے نہ کیے جانے کی وجہ سے آگ لگی۔
متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے لیے ایک جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔